پنجاب میں مزدوروں کو ہمارے جیسی سہولتیں ن لیگ سمیت کسی حکومت نے نہیں دیں، چودھری پرویزالٰہی

جمعرات 12 جولائی 2018 18:32

پنجاب میں مزدوروں کو ہمارے جیسی سہولتیں ن لیگ سمیت کسی حکومت نے نہیں ..
لاہور۔12 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پنجاب میں مزدوروں کو ہمارے جیسی سہولتیں ن لیگ سمیت کسی جماعت نے فراہم نہیں کیں اور نہ ہی ان کی فلاح و بہبود کیلئے ہمارے جیسے کام کئے، ہم نے اپنی وزارتِ اعلیٰ کے دوران لیبر کیلئے فری ہسپتال اور رہائشی منصوبے بنائے، سپیشل ایمبولینس گاڑیاں فراہم کیں، مفت علاج و خوراک کے علاوہ میرج گرانٹ، ڈیتھ گرانٹ، ویلفیئر فنڈ میں اضافہ کیا، ان کے بچوں کیلئے مفت تعلیم، یونیفارم، سٹیشنری اور ٹرانسپورٹ فراہم کی، وہ گجرات میں لیبر کمیونٹی کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے، چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ صنعتی کارکنوں کیلئے ہم نے پنجاب کے ہسپتالوں میں 2500 بستروں کا ا ضافہ کیا، پنجاب ایمپلائز سوشل سکیورٹی انسٹیٹیوشن کے تحت 6 منی ہسپتال، 40 میڈیکل سنٹر، 133 ڈسپنسریاں، 88 ایمرجنسی سنٹرز کے علاوہ لاہور میں 610، فیصل آباد میں 300 اور گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، ملتان میں 100، 100 بستروں کے ہسپتال قائم کئے، لاہور سوشل سکیورٹی ہسپتال میں دل کے آپریشن کی سہولت کے علاوہ ان ہسپتالوں میں علیحدہ 161 ایمبولینس گاڑیاں فراہم کیں، صوبہ کی تمام انڈسٹریل اسٹیٹس کے ساتھ کمیونٹی سینٹر، ڈسپنسری، ٹریننگ سینٹر اور سکول پر مشتمل جدید کمپلیکس تعمیر کئے گئے، شیخوپورہ، سیالکوٹ، میاں چنوں، لاہور اور رحیم یار خان میں لیبر کالونیاں، گجرات اور سیالکوٹ میں 713 رہائشی فلیٹس بنائے اور سوئی گیس فراہم کی گئی، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کی حکومت نے صوبہ میں زیر علاج صنعتی کارکنوں کیلئے ہسپتالوں میں یومیہ ڈائٹ چارچز میں 100 گنا اضافہ، ناگہانی موت کی صورت میں ڈیتھ گرانٹ ایک لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ روپے، بیٹیوں کی میرج گرانٹ 30 ہزار سے بڑھا کر 70 ہزار روپے اور 2 بچیوں سے بڑھا کر خاندان کی تمام بچیوں کیلئے کر دی گئی جبکہ مستحق مزدوروں اور ان کے خاندانوں میں پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تحت 517 ملین روپے کے فنڈز تقسیم کئے۔