کسی بھی چینل پر پابندی کے حوالے سے کوئی ہدایات جاری نہیں ہوئیں،

پیمرا قوانین کے تحت حکومت پیمرا کو کوئی ہدایات جاری نہیں کرسکتی نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات بیرسٹر سید علی ظفر کا سینیٹ میں نکتہء اعتراض پر اظہار خیال

جمعہ 13 جولائی 2018 15:45

کسی بھی چینل پر پابندی کے حوالے سے کوئی ہدایات جاری نہیں ہوئیں،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2018ء) نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا ہے کہ کسی بھی چینل پر پابندی کے حوالے سے کوئی ہدایات جاری نہیں ہوئیں، میں آزادی اظہار رائے پر یقین رکھتا ہوں۔ جمعہ کو سینیٹ میں قائد حزب اختلاف سینیٹر شیری رحمان کے نکتہ ء اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیمرا قوانین کے تحت حکومت پیمرا کو کوئی ہدایات جاری نہیں کرسکتی۔

چیئرمین پیمرا اور اس کے ممبران خودمختار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جہاں تک چینلز پر پابندی کا معاملہ ہے، میں نے اس حوالے سے کوئی ہدایات جاری نہیں کیں کیونکہ میں اظہار رائے کی آزادی پر مکمل یقین رکھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی کے ساتھ نہیں ہیں بلکہ نیوٹرل ہیں۔ قبل ازیں نکتہ ء اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ میڈیا کا بلیک آئوٹ کیا جا رہا ہے، اس سے انتخابات کی شفافیت پر سوالات اٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا بلیک آئوٹ پر نگران حکومت جوابدہ ہے، اس طرح کے اقدامات سے آزادانہ اور شفاف انتخابات سے متعلق سوالات اٹھتے ہیں۔