Live Updates

نوازشریف کو بی کلاس الاٹ،

مریم نوازکو اڈیالہ جیل میں ہی رکھا جائیگا اڈیالہ جیل منتقلی کے بعد میاں نوازشریف کیخلاف ٹرائل جیل میں ہی مکمل کرنے کا فیصلہ

ہفتہ 14 جولائی 2018 13:46

نوازشریف کو بی کلاس الاٹ،
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2018ء) سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کو جیل میں بی کلاس دے دی گئی جبکہ مریم نوازکو اڈیالہ جیل میں ہی رکھا جائیگا۔تفصیلات کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس کے کیس میں سزا پانے والے نوازشریف اور انکی صاحبزادی مریم نواز کو گزشتہ روز وطن واپس پہنچنے پر لاہور ائیرپورٹ سے گرفتار کیا گیا جس کے بعد انہیں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کو جیل میں رکھنے سے متعلق پلان میں تین مرتبہ تبدیلی کی گئی جس کے بعد نواز شریف کو اڈیالہ جیل میں بی کلاس منتقل کر دیا گیا۔جیل مینول کے مطابق بی کلاس میں ٹیلی ویڑن، اخبار اور بیڈ کی سہولت دی جاتی ہے جب کہ اٹیچ باتھ روم، پنکھا اور ایک مشقتی بھی دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

نواز شریف کیخلاف دیگر 2 نیب ریفرنسز کا ٹرائل اب جیل میں ہی ہوگا۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کا میڈیکل چیک اپ بھی کیا گیا جس میں میڈیکل ٹیموں نے دونوں کو صحت مند قرار دیا۔دوسری جانب اڈیالہ جیل منتقلی کے بعد میاں نوازشریف کیخلاف ٹرائل جیل میں ہی مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی 2017 کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کیخلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کیے تھے، جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات