Live Updates

کیا معاملات طے پاگئے، شہباز شریف کو پاک فضائیہ کی ائیربیس استعمال کرنے کی اجازت دینے پر سیاسی جماعتوں نے سوالات اٹھا دیے

صدر ن لیگ شہباز شریف اپنی والدہ اور بچوں کے ہمراہ نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کیلئے خصوصی طیارے سے راولپنڈی پہنچے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 14 جولائی 2018 21:18

کیا معاملات طے پاگئے، شہباز شریف کو پاک فضائیہ کی ائیربیس استعمال کرنے ..
راولپنڈی (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-14جولائی 2018ء) کیا معاملات طے پاگئے، شہباز شریف کو پاک فضائیہ کی ائیربیس استعمال کرنے کی اجازت دینے پر سیاسی جماعتوں نے سوالات اٹھا دیے، صدر ن لیگ شہباز شریف اپنی والدہ اور بچوں کے ہمراہ نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کیلئے خصوصی طیارے سے راولپنڈی پہنچے۔ تفصیلات کے مطابق صدر ن لیگ شہباز شریف اپنی والدہ اور بچوں کے ہمراہ ہفتے کی شب کو قائد مسلم لیگ نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل پہنچے۔

شہباز شریف اپنے اہل خانہ کے ہمراہ لاہور سے خصوصی طیارے کے ذریعے پاک فضائیہ کی نور خان ائیربیس پہنچے۔ نور خان ائیربیس جانے کے معاملے پر سیاسی جماعتوں نے شدید اعتراضات اٹھائے ہیں۔ سیاسی جماعتوں نے اعتراض کیا ہے کہ شہباز شریف اس وقت کسی سرکاری یا حکومتی عہدے پر براجمان نہیں، پھر کیوں انہیں نور خان ائیربیس کے استعمال کی اجازت دی گئی۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے کچھ سیاسی تجزیہ کاروں کی رائے ہے کہ ممکنہ طور پر شہباز شریف اور اسٹیبلیشمنٹ کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں، اسی لیے انہیں اس قسم کا خصوصی پروٹوکول دیا گیا ہے۔ دوسری جانب نواز شریف کی جیل میں والدہ سے جذباتی ملاقات ہوئی۔ نواز شریف کی والدہ نے روتے ہوئے بیٹے کو گلے سے لگا لیا۔سابق وزیر اعظم نواز شریف کل لاہور ائیر پورٹ سے گرفتار ہو کر اڈیالہ جیل پہنچا دئیے گئے تھے۔

اس موقع پر انکی والدہ سے انکی ملاقات متوقع تھی تاہم بعد میں ملاقات نہ کروائی جاسکی ۔جس کے بعد سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے آج اپنی والدہ کے ساتھ سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کا فیصلہ کیا۔سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف خصوصی طیارے سے پی اے ایف بیس سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہو گئے۔اس موقع پر حمزہ شہباز ،سلمان شہباز اور نواز شریف کی والدہ ان کے ہمراہ تھیں ۔

اڈیالہ جیل پہنچنے کے بعد شہباز شریف اورانکی والدہ کو جیل سپرٹنڈنٹ کے کمرے میں ٹھہرایا گیا اور انہیں بتایا کہ یہاں انکی ملاقات کروائی جائے گی ،اس کے بعد نواز شریف اور مریم نواز کو اطلاع دی گئی۔جیل حکام نواز شریف اور مریم نواز کو لے کر سپرٹنڈنٹ کے کمرے میں پہنچے۔نواز شریف نے اپنی والدہ کو دیکھا تو اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔اپنے بیٹے کو جیل میں دیکھ کر والدہ شمیم اختر بھی ضبط قائم نہ رکھ سکیں اور اپنے بیٹے سے لپٹ کر رونے لگیں ۔اس موقع پر نواز شریف نے اپنئ والدہ کو دلاسہ دیا ۔مریم نواز بھی اپنے چچا اور دادی سے ملتے ہوئے جذباتی ہو گئیں۔ سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور انکی والدہ ملاقات کے بعد لاہور کے لیے روانہ ہوں گے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات