کراچی پاورلومزاور ٹیکسٹائل ورکرزنے تنخواہیں بڑھوانے کیلئے ہڑتال کا اعلان کردیا

بدھ کے روز نیوکراچی انڈسٹریل ایریاکی تمام ٹیکسٹائل اور لوم فیکٹری بندہوں گی،احتجاجی مظاہرے اور ریلیاں نکالی جائیں گی مہینہ بھر پہلے سے مجوزہ ریٹ پیش کردیئے تھے لیکن مالکان نے کوئی دھیان نہیں دیا،اپناحق لئے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے،ماسٹراظہارکاکا

اتوار 15 جولائی 2018 19:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2018ء) کراچی کی پاورلومزاور ٹیکسٹائل فیکٹریوں کے کنٹریکٹرز،وارپرزاور ورکرزنے تنخواہیں اور ریٹ بڑھوانے کے لئے ہڑتال کا اعلان کردیا، بدھ کے روز نیوکراچی انڈسٹریل ایریاکی تمام پاورلوم اور ٹیکسٹائل فیکٹری بندہوںگی۔گزشتہ روزنیوکراچی6-Bکے علاقے میںماسٹراتحادکمیٹی اور کراچی ٹیکسٹائل ورکرزویلفیئرایسوسی ایشن کی مشترکہ جنرل باڈی میٹنگ میں ہزاروں ورکرزنے تنخواہوں میں اضافے کو اپنا حق قراردیتے ہوئے اپنی اپنی فیکٹریوں میں بدھ کے روز کام بندرکھنے کا عزم کرتے ہوئے جدوجہد جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ماسٹراتحادکمیٹی کے چیئرمین ماسٹراظہارکاکا، سرپرست ناصر بھٹی،امجد گجر،صدرماسٹرعنایت، نائب صدرماسٹرشبیر، جنرل سیکریٹری ماسٹرعمران،ماسٹرغلام عباس لنگاہ،ماسٹراسجد بھٹی،کراچی ٹیکسٹائل ورکرزایسوسی ایشن کے صدر حاجی جام سجاداحمد، چیئرمین سرورخان غازی،نائب صدر صابرحسین، جنرل سیکریٹری محمداسلم ،ماسٹرمحمدبخش،ماسٹرگل زرین،اسلم رانجھا ودیگر نے کہاکہ مہنگائی کے اس بدترین دورمیں موجودہ ریٹ پر کام کرناانتہائی مشکل ہوچکاہے، مزدورادھاراور قرضے لے کر اپنے بچوں کا پیٹ پالنے پر مجبورہیں،ہم کئی مہینوں سے فیکٹری مالکان کے ترلے کررہے ہیں کہ ریٹ بڑھائے جائیں۔

(جاری ہے)

ایک ماہ پہلے انہیں مجوزہ ریٹ بھی پیش کئے لیکن انہوں نے کوئی دھیان نہیں دیاجس کے باعث فیکٹریوں میں کام بندکرنے پر مجبورہوگئے ہیں۔بدھ کے روزتمام فیکٹریاں بندکرکے نیوکراچی انڈسٹریل ایریا،محمدی گوٹھ اسکیم 33، کیسل فیکٹری سے متصل گرائونڈ میں تمام ورکرز،ماسٹراور وارپرصبح آٹھ بجے جمع ہوں گے اور فیکٹری مالکان کے رویئے کے خلاف شدید احتجاج کریں گے۔اس سلسلے میں مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہرے بھی ہوں گے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔