بڑھتی ہوئی آبادی اختیارات کا غلط استعمال اورکرپشن ہمارے مسائل کی اصل وجہ ہے ،ڈاکٹر سعدیہ ورک رضوی

اتوار 15 جولائی 2018 19:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جولائی2018ء) صوبائی وزیر تعلیم وصحت ڈاکٹر سعدیہ ورک رضوی نے کہاہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے ساتھ ساتھ ہمارے مسائل میں اضافہ مختلف ادوارمیں اختیارات کا غلط استعمال اوربدعنوانی ،کرپشن ہمارے مسائل کی اصل وجہ ہے ،ایسی سماجی تنظیمیں لائق تحسین ہیں جو انسانیت کی بلاتفریق خدمت کررہی ہیں وہ المصطفیٰ میڈیکل سینٹر گلشن اقبال کی ڈسکاؤنٹ فارمیسی کاافتتاح کے موقع پر خطاب کررہی تھی ۔

ان کے ہمراہ المصطفیٰ کے صدرڈاکٹر عبد الرحیم،جنر ل سیکریٹری عبد الغنی سلیمان، معین خان،احمدرضا طیب ،عبد الغفارسعیدی ،فرحان اشرفی،امین آدم جی، آصف اقبال بھی موجودتھے۔ڈاکٹر سعدیہ ورک رضوی نے کہاکہ المصطفیٰ ویلفیئرسوسائٹی جیسے ادارے ہمارے معاشرتی مشکلات ومسائل کے حل میں جوکرداراداکررہے ہیں وہ قابل تحسین ہے ،تعلیم وصحت ،روزگاراور سماجی خدمت کے دیگر کام تنہا سرکاری اداروں کے بس کی بات نہیں ہے یہ مسائل ،حکومت ،اہل ثروت اورسماجی ادارے مل کرہی حل کرسکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

جس کے لئے ہم حکومت کا ہاتھ بٹانے والے ہر فرداور ادارے کے تعاون کا خیر مقدم کرینگے ۔ڈاکٹر حاجی حنیف طیب اور ان کی ٹیم المصطفیٰ کے ذریعہ تعلیم وصحت کے جن شعبوں میں کام کررہی ہے وہ لائق ستائش ہے،حکومت ان سے بھر پور تعاون کرے گی۔ المصطفیٰ ویلفیئر سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر عبد الرحیم نے وزیر محترمہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں المصطفیٰ کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہاکہ المصطفیٰ کا شمارآنکھوں کے فری آپریشن کرنے والی دنیا کی بڑی تنظیموں میں ہوتا ہے۔ہم نے ہونٹ اورتالوکٹے بچوں کی فری آپریشن کا ریکارڈ قائم کیاہے ۔المصطفیٰ کے جنرل سیکریٹری عبد الغنی سلیمان نے کہاکہ حکومت کوالمصطفیٰ جیسے اداروں کوبجلی گیس اور ٹیکس کی مدمیں فراخدلی سے رعایت دینی چاہیے،تاکہ زندگی کی بنیادی سہولتیں زیادہ سے زیادہ افرادتک پہنچ سکیں،سرکاری اداروں کے عدم تعاون کی وجہ سے سماجی اداروں کومشکلات کاسامنا ہے ،جس کا تدارک ضروری ہے۔