Live Updates

مسلم لیگ’ن‘ نے راولپنڈی میں تعمیر و ترقی ، خدمت کی ایک بے مثال تاریخ مرتب کی ہے،بیرسٹر دانیال چوہدری

’ووٹ کو عزت دو‘کا نعرہ عوام کے حقوق کے تحفظ کی آواز ہے،ہماری انتخابی مہم میں رکاوٹیں پیدا کرنے والے اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے ،تقریب سے خطاب

اتوار 15 جولائی 2018 20:10

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ ’’ن‘‘ کے حلقہ این اے 62سے نامزد امیدوار بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ’’ن ‘‘ نے راولپنڈی میں تعمیر و ترقی اور خدمت کی ایک بے مثال تاریخ مرتب کی ہے ، ہماری انتخابی مہم میں رکاوٹیں پیدا کرنے والے اپنے مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکتے ،عمران خان کو اقتدار کی ہوس نے بے چین کر رکھا ہے لیکن باشعور عوام اب ان کے جھانسے میں نہیں آئیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یوسی کونسلرز کے اعزاز میں دئیے گئے ناشتے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر بیگم کلثوم نوازکی جلد صحت یابی کیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ ہم تخریب کی بجائے تعمیر وطن کی سیاست کو پروان چڑھا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ہمارے کارکنان پرامن ماحول میں انتخابی مہم چلا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ’’ووٹ کو عزت دو‘‘کا نعرہ عوام کے حقوق کے تحفظ کی آواز ہے ،عوام اپنے ووٹ کی قوت سے ہی اپنے لئے باکردار اور باصلاحیت نمائندوں کا انتخاب کریںگے۔

عوام آزمائے ہوئے چہروں کو دوبارہ قبول نہیں کریں گے کیونکہ انہوں نے گذشتہ پانچ سالوں میں ووٹرز کو مایوسی اور اضطراب کے سوا کچھ نہیں دیا ۔بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ قوم اپنے ضمیر کے مطابق اپنی قسمت کا فیصلہ 25جولائی کوکریں گے ، مخالفین کے پاس کوئی واضح پروگرام نہیںجبکہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی ’’ن‘‘ لیگ کا مشن ہے ، جس کی تکمیل تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات