بے نظیر قتل کیس کے بری ہو نے والے ملزم کے لاپتہ ہونے کے خلاف دائردرخواست خارج

پیر 16 جولائی 2018 16:56

بے نظیر قتل کیس کے بری ہو نے والے ملزم کے لاپتہ ہونے کے خلاف دائردرخواست ..
راولپنڈی 16جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2018ء) عدالت عالیہ راولپنڈی نے بے نظیر قتل کیس میں بری ہو نے والے ملزم رفاقت حسین کے لاپتہ ہونے کے خلاف دائر درخواست خارج کر دی ۔اے پی پی کو دستیاب معلومات کے مطابق سابق وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو قتل کیس رہائی پانے والے ملزم رفاقت حسین کے والد صابر حسین نے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں بیٹے کی بازیابی کے لئے درخواست دائر کی تھی۔

(جاری ہے)

درخواست کی سماعت پیر کو لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے مسٹر جسٹس صداقت علی خان نے کی۔ عدالت نے مذکورہ درخواست قبل ازیں ابتدائی سماعت پر آر پی او راولپنڈی اورکائونٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے ایس پی سے جواب طلب کررکھا تھا۔پیر کو سماعت کے موقع پر کائونٹر ٹیر ر ازم ڈیپارٹمنٹ نے عدالت عالیہ کو آگاہ کیا کہ ملزم رفاقت سی ٹی ڈی کی تحویل میں ہے جسے 2007 کے مقدمہ نمبر 67میں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ ملزم کا انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت سے جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کیا گیا ہے۔عدالت عالیہ میں سی ٹی ڈی کے جواب پر ملزم کے والد کی جانب سے دائر درخواست خارج کر دی گئی ۔