نواز شریف پاکستان میں غیر ملکی طاقتوں کا ایک ایجنٹ ہے

یہ طاقتیں اس ملک میں کوئی خود مختار حکومت نہیں دیکھ سکتیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 18 جولائی 2018 15:34

نواز شریف پاکستان میں غیر ملکی طاقتوں کا ایک ایجنٹ ہے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 جولائی 2018ء) : نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ الیکشن سے پہلے کے دن بہت اہم ہیں، اللہ تعالیٰ رحم کرے تاکہ کوئی بڑا واقعہ یا کوئی بڑا حادثہ نہ ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ الیکشن میں میں نے کہا تھا کہ خونی الیکشن ہیں جس پر تمام اینکرز مجھے پڑ گئے تھے اب بھی پاکستان کے لیے بہت مشکل حالات ہیں،پاکستان کے اندر ایک غیر اعلانیہ جنگ چھڑی ہوئی ہے۔

پاکستان میں موجود غیر ملکی اور بین الاقوامی طاقتیں اس الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ جس الیکشن میں نواز شریف نہیں ہو گا اور اس کی حکومت نہیں بن رہی ہو گی تو حالات ایسے ہی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ان طاقتوں کا مؤثر ایجنٹ ہے، یہ طاقتیں پاکستان کے لیے کچھ خاص مفادات رکھتی ہیں۔

(جاری ہے)

جب ان طاقتوں کو یہاں شکست ہوتی دکھائی دیتی ہے اور پاکستان میں ایک خود مختار حکومت بنتی دکھائی دیتی ہے تو پھر وہ ایسے ہی کرتی ہیں کیونکہ آج کل کرائے کے لوگ تو ہر جگہ ہیں، کرائے کی فورسز ہوتی ہیں، لڑنے کے لیے بھی لوگ کرائے پر آنے کے لیے تیار ہو جاتے ہیں۔

اس پر اینکر نے شیخ رشید سے کہا کہ آپ نواز شریف پر ایک سنگین الزام عائد کر رہے ہیں جس پر شیخ رشید نے کہا کہ یہ ایک سنگین الزام ہے اسی لیے تو میں لگا رہا ہوں کیونکہ حالات ایسے ہیں۔ شیخ رشید نےکہاکہ میں دہشتگردی کو نواز شریف کے ساتھ نہیں جوڑ رہا ، میں صرف یہ کہنا چاہ رہا ہوں کہ وہ فورسز جو پاکستان میں غیر یقینی حالات پیدا کرنا چاہتی ہیں،جو پاکستان میں الیکشن کو ملتوی کرنا چاہتی ہیں اور جو پاکستان میں انتخابات کو متنازعہ بنانا چاہتی ہیں ، ان کا لیڈر نواز شریف ہے۔