ریاض:دو پاکستانی شہری رہزنی، گاڑی چوری اور منشیات فروشی کے الزام میں گرفتار

گینگ میں سعودی‘ سوڈانی اور شامی شہری بھی شامل

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 19 جولائی 2018 13:14

ریاض:دو پاکستانی شہری رہزنی، گاڑی چوری اور منشیات فروشی کے الزام میں ..
ریاض( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19 جُولائی 2018) مقامی پولیس نے سماج دُشمن عناصر کے خلاف کارروائی کی مہم کے دوران رہزنی‘ گاڑیوں کی چوری اور منشیات فروشی کے الزام میں ایک بین الاقوامی گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ سات افراد پر مشتمل اس گروہ میں تین سعودی‘ دو پاکستانی‘ ایک سوڈانی کے علاوہ ایک شامی شہری بھی شامل ہے۔ پولیس کے مطابق یہ افراد رہزنی کی کارروائیاں انجام دینے کے لیے گاڑیاں چوری کر کے اُنہیں ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں میں استعمال میں لاتے تھے تاکہ پولیس اُن کا سُراغ نہ لگا سکے۔

ملزمان کے قبضے سے 282 نشہ آور گولیاں اور اڑھائی کلو حشیش بھی برآمد ہوئی۔ مذکورہ جرائم پیشہ گروہ کافی عرصے سے پولیس کے لیے دردِ سر بنا ہوا تھا اوردرجنوں واردتوں میں ملوث تھا۔

(جاری ہے)

آخر بسیار کوشش کے بعد یہ لوگ قابو آ ہی گئے۔ تفتیش کے دوران انہوں نے 124 وارداتوں کے ارتکاب کا اعتراف کیا ہے۔ انہیں مزید قانونی کارروائی کی غرض سے سرکاری استغاثہ کے حوالے کر دیا جائے گا۔

ریاض پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مملکت کے سیکیورٹی ادارے امن و امان اور تحفظ عامہ کو یقینی بنانے کے لیے دِن رات کوشاں ہیں جس کے باعث جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کی جا رہی ہے۔ سعودی عرب میں مقیم تمام سعودی اور غیر مُلکی باشندوں کے اطمینان کا خیال رکھنا وزارتِ داخلہ اور حکومت کی ذمہ داری ہے جس سے وہ بخوبی عہدہ برآ ہو رہے ہیں۔ معیشت کی مضبوطی کے لیے امن و امان کا قیام اولین شرط ہے۔

جبکہ منشیات فروشی میں ملوث افراد کسی رُو عایت کے مستحق نہیں ہیں کیونکہ وہ نوجوان نسل کی رگوں میں زہر اُتار کر اُن کا مستقبل تاریک بناتے ہیں جو درحقیقت کسی مُلک کی نظریاتی‘ ثقافتی اور مذہبی جڑوں کو کھوکھلا کرنے کے مترادف ہے۔ اس نوعیت کے کسے بھی فعل کے مرتکب افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ واضح رہے کہ سعودی عرب میں منشیات فروشی کے جُرم کے ارتکاب پر سر قلم کر دیا جاتا ہے۔