Live Updates

ہیڈ وارڈن کو نواز شریف سے گلے لگنا مہنگا پڑ گیا

آئی جی جیل خانہ جات نے ہیڈ وارڈن کا تبادلہ کر دیا، میڈیا رپورٹس

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 19 جولائی 2018 13:34

ہیڈ وارڈن کو نواز شریف سے گلے لگنا مہنگا پڑ گیا
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جولائی 2018ء) : سابق وزیراعظم نواز شریف اورمریم نواز کو اڈیالہ جیل میں آج ساتواں روز ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز شریف اور مریم نواز کی سیکیورٹی بھی بڑھائی گئی ہے۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ آج اڈیالہ جیل میں ہیڈ وارڈن نے نواز شریف کو گلے لگا لیا۔لیکن ہیڈ وارڈن کو نواز شریف کو گلے لگانا مہنگا پڑ گیا۔

غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق آئی جی جیل خانہ جات نے نواز شریف کو گلے لگانے والے ہیڈ وارڈن کا تبادلہ کر دیا ہے۔یاد رہے آج نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کا بھی دن ہے۔ خیال رہے کہ دو روز قبل اڈیالہ جیل میں نواز شریف اور مریم نواز کی سیکیورٹی کو ریڈ الرٹ کر دیا گیا تھا۔ نواز شریف کی سکیورٹی پر چھ اہلکار تعینات جبکہ ان کے ساتھ ایک مشقتی بھی کام کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

جیل ذرائع نے بتایا کہ مریم نواز کی سیکیورٹی پر خاتون ڈپٹی سپریٹنڈنٹ سمیت 6 خواتین اہلکار تعینات کی گئی ہیں۔ جیل کھولنے کے دوران نواز شریف کو محدود رہنے جبکہ مریم نواز کو بھی محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی۔ جیل میں نواز شریف کو اخبارات بھی مہیا کیے گئے۔ نواز شریف اور مریم نواز کو جیل میں دئے جانے والے کھانے اور پانی کی نگرانی خود جیل سپریٹنڈنٹ نے اپنے ذمے لی ہے۔

گذشتہ روز کئی لیگی کارکنان بھی اڈیالہ جیل کے باہر اکٹھے ہوئے اور اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 پر شدید نعرے بازی بھی کی۔ قبل ازیں خبر آئی تھی کہ نواز شریف اور مریم نواز کو سہالہ ریسٹ ہائوس منتقل کرنے کے لیے جیل انتظامیہ نے حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے جس کے تحت آئندہ چند روز میں سابق وزیر اعظم نواز شریفاور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو سہالہ ریسٹ ہائوس منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات