کاکول کی عوام نے تحریک انصاف کے امیدوار علی خان جدون اور مشتاق احمد غنی کے حق میں فیصلہ سنا دیا

جمعرات 19 جولائی 2018 17:30

کاکول کی عوام نے تحریک انصاف کے امیدوار علی خان جدون اور مشتاق احمد ..
ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2018ء) کاکول کی عوام نے متفقہ طور پر حلقہ این اے 16 سے تحریک انصاف کے امیدوار علی خان جدون اور پی کے 39 سے مشتاق احمد غنی کے حق میں فیصلہ دیدیا۔ علی خان جدون کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے مخالفین اوچھی حرکتوں پر اتر آئے اور تعصب اور برادری ازم کے نعرے لگانے شروع کر دیئے، عوام نے برادری ازم کے نعرے لگانے والوں کو مسترد کر دیا اور تحریک انصاف کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کا اعلان کر دیا۔

کاکول میں تحریک انصاف کے امیدواروں کا بڑا جلسہ میں اہلیان علاقہ نے متفقہ طور پر علی خان جدون اور مشتاق احمد غنی کی حمایت کا اعلان کیا۔ علی خان جدون نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدمقابل امیدوار ہمارے بڑھتی ہوئی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں اور انہوں نے تعصب اور برادری ازم کے نعرے لگانے شروع کر دیئے ہیں لیکن عوام اب باشعور ہو چکے ہیں، عوام اب برادری ازم کے نعروں میں نہیں آئیں گے، تعصب اور نفرت کا بیج بونے والے اپنیمقصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام اب میرٹ پر حق دار لوگوں کو ووٹ دیں گے، میرے لئے تمام برادریوں کے لوگ گلدستے کی مانند ہیں، مخالفین ہمارے نام سے بھی سوشل میڈیا پر جعلی اکائونٹ بنا کر برادری ازم اور تعصب کی سیاست کو ہوا دے رہے ہیں جس کی ہم سختی سے تردید کرتے ہوئے تعصب کی سیاست کو مسترد کرتے ہیں، عوام تحریک انصاف کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں۔