ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور لاء افسران کی تعیناتیوں کیخلاف انٹراکورٹ اپیل پر پنجاب حکومت کو نوٹس جاری

جمعرات 19 جولائی 2018 21:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور لاء افسران کی تعیناتیوں کیخلاف انٹراکورٹ اپیل پر پنجاب حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 23جولائی کو جواب طلب کر لیا۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

درخواست گزار بیرسٹر جاوید اقبال جعفری نے موقف اختیار کیا کہ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کی تقرری کے لیے قواعد و ضوابط پورے نہیں کئے گئے، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کا عہدہ آئینی نوعیت کا ہے، آئینی عہدے پرغیر آئینی طریقے سے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کا تقرر کیا گیا، میرٹ کے برعکس تعینات کئے گئے لا افسر عدالتوں کی صحیح راہنمائی نہیں کرتے۔

لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ میرٹ کے برعکس افسران کی تعیناتیاں کالعدم قرار دی جائیں۔ دوران سماعت ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب رانا شمشاد احمد نے جواب داخل کرنے کے لیے مہلت طلب کر لی۔ جس پر فاضل عدالت نے حکومت پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 23جولائی کو جواب طلب کر لیا۔