’’اسکائوٹس گو گرین سندھ ‘‘ کے تحت شجر کاری مہم کا آغازقابل ستائش ہے ۔ شجر کاری صدقہ جاریہ ہے، سیکریٹری جنگلات

اسکائوٹس کراچی سمیت سندھ بھر کے ماحول کی تبدیلی کیلئے سرگرم عمل ہو کر صوبہ بھر میں شجر کاری مہم کا آغاز کررہے ہیں، شجرکاری مہم کے افتتاح کے موقع پر خطاب

جمعرات 19 جولائی 2018 23:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جولائی2018ء) سیکریٹری جنگلات حکومت سندھ سید سہیل اکبر شاہ نے کہا ہے کہ ’’اسکائوٹس گو گرین سندھ ‘‘ کے تحت شجر کاری مہم کا آغازقابل ستائش ہے ۔ شجر کاری صدقہ جاریہ ہے یہ عمل جاری رہنا چاہئے جس سے سندھ کے موسم میں تبدیلی آئے گی ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز گلستان اسکائوٹس ٹریننگ سینٹر گلشن اقبال کراچی میں اسکائوٹس کی شجر کاری مہم کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیااس موقع پر صوبائی سیکریٹری سید اختر میر نے بتایا کہ اسکائوٹس کراچی سمیت سندھ بھر کے ماحول کی تبدیلی کیلئے سرگرم عمل ہو کر صوبہ بھر میں شجر کاری مہم کا آغاز کررہے ہیں ۔

یہ مہم کراچی ، حیدر آباد ، شکار پور ، لاڑکانہ سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں بیک وقت اسکائوٹس کے ذریعہ شروع کی جارہی ہے اس مہم کے دوران اسکائوٹس سندھ میں ایک لاکھ پودے لگائیں گے ۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمان خصوصی سیکریٹری محکمہ جنگلات حکومت سندھ سید سہیل اکبر شاہ نے کہا کہ شجر کاری صدقہ جاریہ ہے جس کا سرکاری سطح پر ہم نے آغاز کردیا ہے امید ہے ہم سندھ کے اسکولوں ، دفاتر ، اسپتالوں ، بنیادی صحت کے مراکز پر 11ملین پودے لگا کر سندھ کے ماحول کو تبدیل کردیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ آج لگایا ہوا پودہ آنے والے وقت میں تناور درخت بن کر لوگوں کیلئے فائدہ مند ہوگا ۔ اس موقع پر گلستان اسکائوٹس ٹریننگ سینٹر پر مہمان خصوصی سہیل اکبر شاہ کے ہمراہ جسٹس (ر) سید حسن فیروز ، صوبائی سیکریٹری اختر میر ،امام بخش نانگور،ڈائریکٹر پرائمری ایجوکیشن شمس الدین ، ایڈیشنل ڈائریکٹر فرحت عزیز، جامعہ کراچی کے کنٹرولر امتحانات سید ظفر حسین جعفری ،ریسکیو کمشنر طاہر شیخ ، سیدخورشید حسین جعفری، سید حبیب الدین، پاکستان ریلوے کی اسسٹنٹ اسکائوٹ کمشنر شیبا غنی ، ساجد حامد ، پی آئی اے کے طارق معین ناصر خان ، کمشنر یوتھ عبد الحٴی خان ، ظفر سلطانہ ، انور بھٹی ، طارق علی اور دیگر نے درخت لگائے جبکہ حیدر آباد میں خورشید گرلز کالج، المصطفی اسکائوٹس گروپ ، حیدر آباد اسکائوٹس گروپ کے اسکائوٹس نے 300سے زائد درخت لگائے اس طرح لاڑکانہ ، شکارپور، ٹنڈو محمد خان سمیت دیگر علاقوں میں بھی اسکائوٹس نے درخت لگائے اس موقع پر نرسری کا بھی افتتاح کیا گیا ۔