دُبئی:فوٹو گرافی نمائش کے منتظم نے خاتون کا زبردستی بوسہ لے لیا

58 سالہ امریکی منتظم کو تین ماہ قید کی سزا سُنا دی گئی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 20 جولائی 2018 18:06

دُبئی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔20جولائی 2018ء) نمائش کے بُڈھے کھوسٹ امریکی منتظم کو موسیقی اور آرٹ کی دِلدادہ خاتون کو چُومنے کے الزام میں تین ماہ کے لیے جیل بھیج دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق مارچ 2018ء میں دُبئی ڈیزائن ڈسٹرکٹ میں فوٹو گرافی کی ایک نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ متاثرہ خاتون کے مطابق ’’میں ایک ہمسایہ مُلک میں اپنی کمپنی قائم کرنا چاہتی تھی۔

اسی مقصد کے لیے میں فوٹوگرافی کی نمائش دیکھنے چلی گئی تاکہ مجھے کچھ آئیڈیاز مِل جائیں۔ میں ایک رشتہ دار سے بات کر رہی تھی جس دوران وہاں موجود منتظم نے مجھے بڑے پُرجوش انداز میں نمائش کے بارے میں بتانا شروع کیا۔چونکہ مجھے کہیں پر فوراً پہنچنا تھا ، میں نے اُس سے کہا کہ وہ میرا فون نمبر لے لے اور اپنا رابطہ نمبر بھی دے دے تاکہ ہم بعد میں مزید تفصیل کے ساتھ پیشہ ورانہ امور پر بات چیت کر سکیں۔

(جاری ہے)

اس کے بعد میں نمائش کو چھوڑ کر باہر کو چل پڑی کہ اچانک وہ میرے ساتھ ساتھ چلنے لگا اور پھر اُس نے میرا چہرہ اپنی گرفت میں لے کر مجھے زبردستی چُوم لیا۔ میں اُس کے اس طرزِ عمل سے انتہائی پریشان ہو گئی اور فوراً وہاں سے گھر آ گئی۔ میں نے اپنی سہیلیوں کو اس واقعے کے بارے میں بتایا تو انہوں نے مجھے مشورہ دیا کہ میں پولیس کو رپورٹ درج کرواؤں۔

مگر میں نے معاملہ رفع دفع کرنے کا سوچا۔ لیکن وہ ہوس پرست شخص یہیں تک محدود نہ رہا ۔ اس نے بعد میں مجھے واٹس ایپ پر اپنی تصویروں کے ساتھ ایک پیغام بھی بھیجا جس میں درج تھا کہ وہ میرا بوسہ لے کر بہت محظوظ ہوا تھا اور اس عمل کو دُہرانا چاہتا ہے۔ تبھی مجھے احساس ہو گیا کہ پانی سر سے گزر رہا ہے ۔ سو میں نے پولیس کو رپورٹ درج کروائی۔ ‘‘عدالت نے امریکی بُڈھے کو خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کرنے اور اُس کا بوسہ لینے کا مجرم قرار دیتے ہوئے تین ماہ کی سزا سُنا دی۔ ملزم کو سزا کے فوراً بعد ڈی پورٹ کر دیا جائے گا۔