چوتھا ون ڈے ، پاکستان نے زمبابوے کو ایک بار پھر چارو ں شانے چت کرڈالا

فخر زمان اورامام الحق کی شاندار سنچریاں،شاداب خان کے 4شکار

جمعہ 20 جولائی 2018 19:17

چوتھا ون ڈے ، پاکستان نے زمبابوے کو ایک بار پھر چارو ں شانے چت کرڈالا
بلاوائیو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20جولائی 2018 ء) پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کے چوتھے مقابلے میں پاکستان نے زمبابوے کو 244رنز سے شکست دے کر سیریز میں چار ،صفر کی برتری حاصل کرلی ہے ۔کوئنز سپورٹس کلب میں کھیلے جارہے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کے دیئے400رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اپنا پہلا ون ڈے کھیلنے والے اوپنر کامنہو کمنے 3رنز بنا کر عثمان شنواری کاشکار بن گئے جنہوں نے 10رنز بنانے والے مساکانڈے کو بھی پوویلین بھیجا، کپتان ہیملٹن مساکاڈزا 22رنز بنا کر جنید خان کی 100ویں ون ڈے وکٹ بنے ، ریان مرے 5رنز بنا کر فہیم اشرف کا شکار بنے جب کہ پیٹر مور کو20رنز کے انفرادی سکور پر شاداب خان نے اپنا شکار بنایا ، ایلٹن چگمبھرا اور تریپانو نے چھٹی وکٹ کیلئے69رنز جوڑے جس کے بعد چگمبھرا37رنز بنا کر فہیم اشرف کی دوسری وکٹ بنے ۔

(جاری ہے)

ویلنگٹن مساکاڈزا2رنز بنا کر شاداب خان کی دوسری وکٹ بنے،ڈونلڈ تریپانو کو44رنز پر شادا ب خان نے اپنی تیسرا شکا ر بنایا ،چشورو ایک رن بنا کر شعیب ملک کو اپنی وکٹ تھما کر چلتے بنے،شاداب خان نے نگارا وا و آﺅٹ کرکے اپنی چوتھی وکٹ لی ۔ اس سے پہلے اوپننگ بلے باز فخر زمان اور امام الحق نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 304 رنز بنائے جو پہلی وکٹ پر شراکت کا نیا عالمی ریکارڈ ہے۔

اس سے قبل طویل ترین شراکت کا ریکارڈ سری لنکا کے پاس تھا، جس کے بلے باز سنتھ جے سوریا اور اپل تھرنگا نے لیڈز کرکٹ گراﺅنڈ میں انگلینڈ کے خلاف جون 2006ءمیں 286 رنز بنائے تھے۔پاکستان کے سابق اوپنر عمران فرحت اور محمد حفیظ نے بھی زمبابوے کےخلاف ستمبر 2011ءمیں پہلی وکٹ پر 228 رنز کی شراکت قائم کی تھی تاہم اب پاکستان کو پہلی وکٹ پر طویل ترین پارٹنرشپ کا نیا عالمی ریکارڈ حاصل ہوگیا ہے۔

فخر زمان نے ڈبل سنچری مکمل کرتے ہوئے پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ انفرادی سکور بنانےوالے بلے باز بھی بن گئے،فخر زمان 210 رنز کےساتھ ناٹ آﺅٹ رہے، انہوں نے 155 گیندوں پر 5 چھکوں اور 24 چوکوں کی مدد سے یہ اعزازاپنے نام کیا، انہوں نے سعید انور کا1997ءمیں بھارت کےخلاف بنایا 194 رنز کا ریکارڈ توڑا۔گرین شرٹس نے مقررہ 50 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 399 رنز بنائے۔

اس سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے زمبابوے کےخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو فخر زمان اور امام الحق نے اننگز کا پراعتماد آغاز کیا۔دونوں بلے بازوں نے میزبان ٹیم کی بولنگ لائن کےخلاف شاندار بیٹنگ کی اور گراﺅنڈ کے چاروں اطراف دلکش سٹروکس کھیلے۔فخر زمان نے زبردست کھیل پیش کرتے ہوئے 2 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی جبکہ امام الحق نے بھی 6 چوکوں کی مدد سے 112 گیندوں پر سنچری مکمل کی اور 113 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

چوتھے ایک روزہ میچ کے لیے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، کپتان سرفراز احمد کو فخرزمان، امام الحق، بابراعظم، شعیب ملک، آصف علی، شاداب خان، فہیم اشرف، جنید خان، عثمان خان شنواری اور یاسر شاہ کی خدمات حاصل ہیں۔میچ سے قبل قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کچھ تبدیلیاں کی جائیں گی جو کھلاڑی اب تک نہیں کھیلے انہیں موقع دیا جائےگا۔