فلسطین میں صورتحال معمول پر لانے کیلئے جنگ بندی کا اعلان

ہفتہ 21 جولائی 2018 17:58

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جولائی2018ء) سرائیلی فوجی کی ہلاکت کے ردِ عمل میں تل ابیب کے فلسطینی علاقوں میں تابر توڑ فضائی حملوں سے 4 فلسطینی شہید ہوئے جس کے بعد اسلامی تنظیم حماس کی جانب سے جنگ بندی کا اعلان کردیا۔قطری میڈیا کے مطابق حماس کے ترجمان فاوزی برہوم نے جنگ بندی معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اس میں مصری اور اقومِ متحدہ کے عہدیداروں نے ثالثی کا کردار ادا کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس جنگ بندی کا اطلاق جمعہ کی رات سے ہوگیا اور ہم فلسطینی گروہ اور اسرائیل کے مابین ایک سمجھوتے پر متفق ہوگئے ہیں۔معاہدے کی تصدیق کے حوالے سے جب اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتنن یاہو کے دفتر سے رابطہ کیا گیا تو اسرائیل حکام کی جانب سے ایسے کسی معاہدے کی تصدیق نہیں کی گئی تاہم گزشتہ رات سے فلسظینی علاقوں میں کوئی بڑی اسرائیلی کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی اور نہ ہی فلسطینی علاقوں سے اسرائیل کی جانب کوئی گولہ پھینکا گیا اس ضمن میں حماس کے ایک سینئر عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی بنیاد پر بتایا کہ معاہدے میں ہر قسم کی عسکری کارروائی کے خاتمے کی بات کی گئی ہے جس میں اسرائیلی فضائی حملے اور حماس کے گولے اور راکٹ کے حملے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ آتش گیر مادے کے ساتھ منسلک غبارے اور پتنگیں، جو فلسطینی علاقوں کی جانب سے اسرائیل کی طرف پھینکے جاتے تھے، اس معاہدے میں شامل نہیں ادھر اسرائیلی سیاستدانوں کی جانب سے آتش گیر مادوں کی ان کارروائیوں پر بھرپور جواب دینے کا مطالبہ کیا جاتا ہے جس کے نتیجے میں اسرائیل کو اب تک لاکھوں ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے۔معاہدے کی تصدیق کے حوالے سے اسرائیلی حکام نے بتایا کہ ہم صرف اتنا کہہ سکتے ہیں کہ جمعہ کے بعد سے اسرائیل نے غزہ کی پٹی میں کوئی تازہ کارروائی نہیں کی۔