سرکاری حج سکیم میں بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں، ڈپٹی ڈائریکٹر مدینہ منورہ

سعودی عرب کے سخت موسم میں صحت کا خیال رکھیں ،ْخوراک ، عبادات میں اعتدال رکھیں کسی بھی رہنمائی یا شکایت کی صورت میں مفت ہیلپ لائن سے رابطہ کریں ،ْ فاروق رشید

اتوار 22 جولائی 2018 18:40

سرکاری حج سکیم میں بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں، ڈپٹی ..
مدینہ منورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) سرکاری حج سکیم میں بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا رہے ہیں۔ سعودی عرب کے سخت موسم میں صحت کا خیال رکھیں، خوراک ، عبادات میں اعتدال رکھیں۔ کسی بھی رہنمائی یا شکایت کی صورت میں حجا ج کے معاون یا مفت ہیلپ لائن سے رابطہ کریں۔ یہ بات ڈپٹی ڈائریکٹر مدینہ منورہ فاروق رشید نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عازمین حج کو مختلف سہولیات کی فراہمی اور مشکلات کے حل کیلئے ایک منظم نیٹ ورک قائم کیا گیا ہے۔ مدینہ منورہ میں عازمین حج کی ہر رہائش گاہ پر دو شفٹوں میں سبز جیکٹ والے معاونین تعینات کئے گئے ہیں تاکہ موقع پر رہنمائی یا شکایات کا اذالہ کیا جا سکے۔ مدینہ منورہ میں عازمین حج کی رہائشوں کو چار سیکٹرز میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر سیکٹر کی نگرانی ایک سیکٹر انچارج کے سپرد کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

فاروق رشید نے میڈیا ٹیم کو بتایا کہ اس وقت مدینہ منورہ میں پاکستانی عازمین حج کی تعداد 14 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ ترکی، ایران، انڈونیشیا، ملائشیا، انڈیا اور بنگلہ دیش سمیت کئی ملکوں کے حجاج مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے حجاج کرام کو ہدایت کی کہ دن بدن بڑھتے رش اور سعودی عرب کے سخت موسم کے پیش نظر اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں۔

پرانے امراض کی صورت میں اپنی ادویات وقت پر اور پابندی سے لیں ، خوراک کا مناسب استعمال اور عبادات میں اعتدال رکھیں۔ حج کی بڑی اور اہم عبادت کیلئے ذہنی اور جسمانی طور پر خود کو تیار رکھیں۔ شام کے اوقات میں پیدل چلنے کی مشق ضرور کریں تاکہ حج کی5 دنوں میں مشائر کی سختی میں آسانی رہے۔ اپنی رہائش گاہوں پر مکہ مکرمہ روانگی سے متعلق لگائے گئے اعلان پر عمل کریں ۔ کسی بھی مشکل یا پریشانی کی صورت میں اپنے کارڈ کے پیچھے دیئے گئے نمبروں پر رابطہ کریں۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی پروازوں سے پہنچنے والے عازمین حج کی مکہ مکرمہ روانگی 22 جولائی سے شروع ہو کر دی جائے گی ۔ عازمین حج اپنے شیڈول کا خاص خیال رکھیں تاکہ پیچھے رہ جانے کی صورت میں ہونے والی پریشانی سے بچ سکیں۔