جمعیت علما اسلام نے ہمیشہ صوبے کے حقوق ترقی وخوشحالی کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں،مولانا عبدالواسع

اتوار 22 جولائی 2018 21:40

قلعہ سیف اللہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 جولائی2018ء) جمعیت علما اسلام کے مرکزی رہنما حلقہ این ای257سے نامزد امیدوارمولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ جمعیت علما اسلام نے ہمیشہ صوبے کے حقوق ترقی وخوشحالی کے لئے اقدامات اٹھائے ہیں عام انتخابات کرانے سے ملک میں جمہوری نظام مضبوط ومستحکم ہو گا وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ ملک کو بہتر ین راستے پر لانے کے لئے تمام جمہوری قوتوں کو ساتھ لے کر چلنا ہو گا ماضی میں قوم پرستوں نے اقتدار میں آکر عوام کو ترقی وخوشحالی دینے کی بجائے اپنے ذاتی مفادا ت کو ترجیح دی ہے جس کی وجہ سے قوم پرستوں کی سیاست ہمیشہ ہمیشہ کے لئے دفن ہو چکی ہے قلعہ سیف اللہ کے عوام نے آج تاریخی ریلی اور جلسہ کر کے ثابت کر دیاکہ قلعہ سیف اللہ جمعیت علما اسلام کا گڑھ ہے اور تا قیامت تک قلعہ سیف اللہ جمعیت علما اسلام کا قلعہ رہے گا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قلعہ سیف اللہ بازار فٹبال گرائونڈ میں جلسہ عام سے خطاب کر تے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ضلعی نائب امیر مولوی محمد عیسی صاحب مولوی سعد اللہ مردانزئی ، جماعت اسلامی کے حاجی عبداللہ سامخیل ، مولوی عبدالنافع، تحصیل امیر مولوی محمد نعیم، تحصیل امیر مسلم باغ مولوی نورخان ، مولوی امان اللہ اشرفی ، ضلعی چیئرمین عبدالخالق، مولوی علی محمد اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔