پولیس نے الیکشن کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے

اتوار 22 جولائی 2018 22:40

چنیوٹ ۔22جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جولائی2018ء) پولیس نے الیکشن 2018ء کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں تاکہ عام انتخابات کے صاف و شفاف انعقاد اور امن و امانکی صورتحال کو کنٹرول میں رکھا جا سکے۔ اس حوالے سے ڈی پی او عبادت نثار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پرامن اور شفاف الیکشن کا انعقاد پولیس کی ذمہ داری ہے۔

پرامن اور غیر جانبدارانہ الیکشن کے لیے پولیس اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ الیکشن کمیشن کے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ کسی کو بھی نقص امن کی ہر گز اجازت نہ ہے۔ شر پسند اور تخریب کار عناصر کیخلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ضلع بھر میں الیکشن کے حوالے سے 610 پولنگ اسٹیشنزقائم کیے گئے ہیں جس میں 131 کیٹیگری اے ، 264 کیٹیگری بی اور 215 پولنگ اسٹیشنز کیٹیگری سی کے ہیں۔

(جاری ہے)

تمام پولنگ اسٹیشنز پر 5 ڈی ایس پی ، 8 انسپکٹر ، 128 سب انسپکٹر و اسسٹنٹ سب انسپکٹر ، 106 ہیڈ کانسٹیبلز ،716کانسٹیبلان و لیڈی کانسٹیبلان ، 144 رضاکاروں اور سپیشل فورس سمیت چار ہزار پولیس افسران و ملازمان ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ اہم مقامات پر واک تھرو گیٹ اور CCTV کیمرے نصب ہوں گے۔ ایلیٹ فورس کی ٹیمیں اور موٹر سائیکل اسکواڈ پولنگ اسٹیشنز کے گردو نواح میں گشت کریں گی۔

ریزو نفری پولیس لائن میں سٹینڈ ٹو رکھی جائے گی۔ الیکشن ڈیوٹی کے لیے ایک موئثر ہنگامی مواصلاتی نظام قائم کیا گیا ہے۔ ضلع کے کنٹرول روم کے علاوہ ڈی ایس پی لیگل کی زیر نگرانی ایک ہنگامی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے۔ اسلحہ کی نمائش پر پابندی عائد ہے جس پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ ٹریفک کی روانی کے لیے سپیشل ٹریفک عملہ تعینات کیا جائے گا۔

تمام ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے امن وا مان کی صورتحال کو برقرار رکھا جائے گا۔ یاد رہے کہ الیکشن 2018 کو پرامن اور شفاف بنانے کے لیے پولیس افسران نے تھانہ وائز ، سرکل وائز اور ضلعی سطح پر امن کمیٹی کے ممبران سے میٹنگز کی۔ الیکشن میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں سے میٹنگ کی گئی اور ان کو الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کا پابند کیا۔