سیاسی جماعت کی ریلی کے دوران تشدد کا نشانہ بننے والا گدھا چل بسا

پیر 23 جولائی 2018 13:07

سیاسی جماعت کی ریلی کے دوران تشدد کا نشانہ بننے والا گدھا چل بسا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 جولائی2018ء) سیاسی جماعت کی ریلی کے دوران تشدد کا نشانہ بننے والا گدھا چل بسا۔کراچی میں گزشتہ دنوں ایک سیاسی جماعت کی ریلی کے دوران گدھے کو بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا گیا جس سے اسے شدید چوٹیںآئیں اور وہ بے ہوش ہوگیا۔جانوروں کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی تنظیم اے سی ایف اینیمل کی جانب سے اس گدھے کو ریسکیو کیا گیا اور علاج کی سہولت فراہم کی گئی۔

اے سی ایف اینیمل کے مطابق سیاسی کارکنان کے تشدد کا نشانہ بننے والا گدھا دم توڑ گیا ہے۔اے سی ایف اینیمل کی فیس بک پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز اس کی حالت بہتر تھی، وہ اپنے پیروں پر کھڑا ہوا اور بہتر طریقے اپنی غذا بھی لی۔اے سی ایف اینیمل کی جانب سے کہا گیاہے کہ واقعے کے بعد یہ جانور صرف ایک ہفتہ زندہ رہ سکا اور اب دم توڑ گیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سیاسی جماعت کی ریلی کے دوران گدھے کو صرف اس بنا پر نشانہ بنایا گیا کہ اس پر ایک سیاسی حریف کا نام تحریر تھا۔

انسانی حیوانیت کے اس واقعے پر عوام کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا تھا اور اس عمل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس کی مذمت بھی کی گئی لیکن اس کے باوجود سیاسی جماعتوں کے کارکنان پر کوئی اثر نہ ہوا اور 18 جولائی کو ایک اور گدھے کو سیاسی اختلاف کی بھینٹ چڑھا دیا گیا۔

متعلقہ عنوان :