پنجاب یونیورسٹی میں ای روزگار سنٹر کا افتتاح کر دیا گیا

ہزاروں نوجوان ای روزگار سکیم سے اربوں روپے کما رہے ہیں، ڈاکٹر عمر سیف

منگل 24 جولائی 2018 23:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 جولائی2018ء) چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ ای ۔روزگار سکیم کی بدولت اب تک ایسے ہزاروں نوجوان انٹرنپنیور ز پیدا ہوچکے ہیں جو آن لائن کاروباری منصوبوں سے اربوںروپے کما رہے ہیں۔ وہ پنجاب یونیورسٹی الرازی ہال میں ای ۔روزگار سنٹر کی لانچنگ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد، ڈائریکٹر جنرل پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ ای ۔گورننس ساجد لطیف، ڈائریکٹر پنجا ب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ عاطف ممتاز ، ڈائریکٹر پنجاب یونیورسٹی ادارہ تعلیم و تحقیق پروفیسر ڈاکٹر رفاقت علی اکبر، فیکلٹی ممبران اور طلبائو طالبات نے شرکت کی ۔اپنے خطاب میں ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ پاکستان میں اوسط عمر 22سال ہے اور نوجوان بڑی تعداد میں ہیںجو پاکستان کو ترقی یافتہ ممالک میں شامل کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا مستقبل محنتی ، ذہین اور باصلاحیت نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پلان 9منصوبے پہلے ہی لانچ کر چکی ہے جس کے تحت 160کمپنیز قائم کی جا چکی ہیں جن کی مالیت 7 ارب روپے ہے۔ انہوں نے طلبہ پر انٹرنپنیور بننے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ای ۔روزگار سکیم کے ذریعے ماہانہ ایک لاکھ روپے سے زائد بآسانی کما سکتے ہیں۔

وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ ملک میں بے روزگاری کم کرنے کا کریڈیٹ ڈاکٹر عمر سیف کو جاتا ہے جنہوں نے اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عمر سیف کی ذہانت کی بدولت ملک میں انٹرنپنیور شپ کے کلچر کو فروغ ملا اور آج ہمارے ہزاروں طلبہ لاکھوں روپے کما رہے ہیں۔اس موقع پر وائس چانسلر نے ادارہ تعلیم و تحقیق کی آئی ٹی لیب کو ڈاکٹر عمر سیف کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان بھی کیا۔