ملتان میں سخت سکیورٹی میں پولنگ کاعمل شروع،25لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے

بدھ 25 جولائی 2018 11:00

ملتان۔25جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جولائی2018ء) ضلع ملتان میںبدھ کے روز سکیورٹی کے سخت انتظامات میں پولنگ کاعمل شروع ہوگیا۔کمشنرملتان ندیم ارشاد کیانی نے بتایاکہ ضلع ملتان میں اس سلسلے میں 1817پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جس میں 450پولنگ اسٹیشن کو حساس قراردیاگیا۔حساس پولنگ اسٹیشن پر کسی بھی ناخوشگوارواقعہ سے نمٹنے کیلئے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیںجبکہ سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔

پولنگ اسٹیشنز پر3840پولیس افسران واہلکار ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں۔صبح جب پولنگ کاعمل شروع ہوا تو شہری علاقوں میں نوجوانوں کی بڑی تعداد پولنگ اسٹیشنز کے باہر قطاروں میں کھڑی تھی۔ ضلع ملتان میں قومی اسمبلی کی 6 اور صوبائی اسمبلی کی 13نشستوں پر 25لاکھ56ہزار140افراد اپناحق رائے دہی استعمال کریں گے ۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق این اے 155جو شہری علاقوں پر مشتمل ہے جہاں 4لاکھ 85ہزار810ووٹرز ووٹ کاسٹ کریں گے جو تمام حلقوں میں سب سے زیادہ ووٹ ہیں۔

اسی طرح این اے 154میں 3لاکھ 85ہزار233، این اے 156میں 4لاکھ 44ہزار724، این اے 157میں 3لاکھ 90ہزار725، این اے 158میں 4لاکھ36ہزار391 اور این اے 159میں 4لاکھ 13ہزار252ووٹرزقومی اسمبلی کے 71امیدواروں کیلئے اپنا حق رائے دہی کااستعمال کریں گے۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر ذرائع کے مطابق این اے 154میں 14امیدوار مدمقابل میں ہیں جس میں آزاد امیدوار سکندر بوسن، پیپلزپارٹی سے سید عبدالقادرگیلانی، پی ٹی آئی کے احمد حسن ڈیہڑاور مسلم لیگ (ن) کے سلمان قریشی شامل ہیں۔

این اے 155میں 13امیدوار جن میں پی ٹی آئی کے ملک عامرڈوگر، مسلم لیگ(ن) کے شیخ طارق رشید اور آزاد امیدوار خالد خان خاکوانی شامل ہیں۔این ای156میں 16امیدوار ہیں جن میں پی ٹی آئی کے مخدوم شاہ محمودقریشی ، پاکستان مسلم لیگ(ن) کے عامرسعید انصاری شامل ہیں، این ای157میں پاکستان پیپلزپارٹی کے سید علی موسی گیلانی ، پی ٹی آئی کے زین قریشی اور ن لیگ کے عبدالغفارڈوگر سمیت آٹھ امیدوار مدمقابل ہیں۔

این اے 158(شجاع آباد)میں سات امیدوار ہیں جن میں سابق وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی ، پی ٹی آئی کے ابراہیم خان اور ن لیگ کے سید جاوید علی شاہ قابل ذکرہیں۔ این ای159(جلالپور پیروالہ)میں پی ٹی آئی کے رانا قاسم نون اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے دیوان عاشق بخاری سمیت 14امیدوارمدمقابل ہیں۔