پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا عمان کا دورہ

عمانی وزارت ِ دفاع کے سیکرٹری جنرل اور سلطان آرمڈ فورسزکے چیف آف سٹاف سے ملاقاتیں

بدھ 25 جولائی 2018 19:11

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا عمان کا دورہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جولائی2018ء) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی، سلطنت آف عمان کے سرکاری دورے پر ہیں۔ دورے کے دوران ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے عمانی وزارت ِ دفاع کے سیکرٹری جنرل محمد بن نصیر ال راسبی اور سلطان آرمڈ فورسز کے چیف آف سٹاف ،لیفٹیننٹ جنرل احمد بن حارث ال نبہنی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

ملاقاتوں کے دوران دونوں ممالک کے مابین دفاعی اشتراک کے مختلف شعبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔پاک بحریہ کے سربراہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ بشمول ایک مشترک سوچ کے ذریعے علاقائی میری ٹائم سکیورٹی میں پاک بحریہ کے کردار پرروشنی ڈالی اور اس بات کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان پانے جانے والے موجودہ گہرے تعلقات دونوں ممالک کی مسلح افواج بالخصوص بحری افواج کے مابین مزید مثبت سرگرمیوں کا باعث ہوں گے جس سے بحر ِ ہند میں امن اور خوشحالی کو فروغ حاصل ہو گا۔

(جاری ہے)

عمانی وزارت ِ دفاع کے سیکرٹری جنرل اور سلطان آرمڈ فورسزکے چیف آف سٹاف نے دفاع کے مختلف شعبوں میں پاکستان کے تعاون پر پاک بحریہ کے سربراہ کا شکریہ ادا کیا اور خطے میں بحری امن و استحکام کے قیام میں پاک بحریہ کے کردار اور خدمات کو سراہا۔پاکستان اور عمان کے درمیان یکساں اور مشترکہ ثقافت، روایات، مذہب اور سماجی اقدار پر مبنی گہرے دوستانہ تعلقات قائم ہیں۔

مشترکہ بحری مشق تہمر الطیب ، تربیتی اُمور کے باہمی تبادلوں اور بندرگاہوں کے خیر سگالی دوروں کے ذریعے پاک بحریہ اور رائل نیوی آف عمان کے تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہوئے ہیں۔پاک بحریہ کے سربراہ کا یہ دورہ دونوں ممالک بالخصوص دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعلقات میں وسعت اور اضافے کا باعث ہو گا۔

متعلقہ عنوان :