Live Updates

دشمن قوتوں کی دہشت گردی کے ذریعہ انتخابی مہم سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام رہیں ،حافظ محمد سعید

پاکستانی قوم نے جرأت اور حوصلہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ووٹ ڈالے، عمران خان سمیت تمام جیتنے والوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،بیان

جمعرات 26 جولائی 2018 23:04

دشمن قوتوں کی دہشت گردی کے ذریعہ انتخابی مہم سبوتاژ کرنے کی کوششیں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 جولائی2018ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ دشمن قوتوں کی دہشت گردی کے ذریعہ انتخابی مہم سبوتاژ کرنے کی کوششیں ناکام رہیں۔ پاکستانی قوم نے جرأت اور حوصلہ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ووٹ ڈالے۔ عمران خان سمیت تمام جیتنے والوں کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔اپنی تقریر میں کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت کی مذمت، پاکستان کو مدینہ جیسی اسلامی فلاحی ریاست بنانے، کرپشن وغربت ختم کرنے اور قانون کی بالادستی جیسی باتوں کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

ملک بھر میں ملی مسلم لیگ کی حمایت کرنے والوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انتخابی مہم کے دوران پورے ملک میں لاالہ الااللہ محمد رسول اللہ اور اللہ اکبر کے نعرے گونجنے کو بہت بڑی کامیابی سمجھتے ہیں۔

(جاری ہے)

اب یہ قافلہ اور تیز چلے گا۔کارکنان متحرک، متحد اور منظم رہیں۔ اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ جس نے پاکستان کو مشکل صورتحال سے نکالا۔

پاکستان کیخلاف خوفناک سازشوں کے دوران انتخابات ہوئے۔دھماکوں اور دہشت گردی کے ذریعہ امن و امان کی صورتحال برباد کی گئی۔25جولائی کے دن بھی تخریب کاری کی کوششیں کی گئیں تاہم اس کے باوجود لوگوں نے ہوشمندی سے کام لیااور پرامن مہم کے ذریعہ بیرونی سازشیں ناکام بنائیں۔ جن لوگوں نے امن و امان کیلئے قربانیاں دیںاورعوام جس نے جو ش و جذبہ سے انتخابات میں حصہ لیا‘ ان سب کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

قیام پاکستان کے مقاصد کی تکمیل، کشمیر کی آزادی اورملک کی اسلامی شناخت قائم رکھنے کیلئے زبردست تحریک برپا کرنی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ملی مسلم لیگ نے حمایت یافتہ اللہ اکبر تحریک کے پلیٹ فارم سے انتخابی عمل میں بھرپور انداز میں حصہ لیا۔ سب سے مشکل صورتحال بھی ہمارے لئے تھی اور اس سلسلہ میں رکاوٹیں بھی کھڑی کی گئیں۔ ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن روکنے کیلئے بھرپور کوششیں کی گئیں ۔

اس سب کے باوجود اللہ تعالیٰ نے ملی مسلم لیگ کو موقع دیا اور ہم نے اللہ اکبر تحریک کے پلیٹ فارم سے پورے ملک میں کرسی کے انتخابی نشان پر اپنے امیدوار کھڑے کئے۔ہر جگہ لوگوںنے ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔ ہم تمام کارکنان، ذمہ داران اور حمایت کرنیو الوں کو شکریہ ادا کرتے ہیں۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ ملی مسلم لیگ پاکستان سے محبت رکھنے والوں کی جماعت ہے۔

اللہ تعالیٰ نے انتخابات کا دن کامیابی کے ساتھ گزار دیا۔ہم شدید دبائوکے باوجود میدان میں کھڑے رہے، انتخابی مہم چلائی اور چاروں صوبوں میں پاکستان کا مطلب کیا لاالہ الااللہ محمد رسول اللہ اور اللہ اکبر کے نعرے گونجتے رہے۔ہم پوری قوم کو یہ نعرے یاد کروانا چاہتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ حکومتوںنے اپنی کرپشن کے راستے ہموار کرنے کیلئے مفادات کی سیاست کھیلی، لڑائی جھگڑے، صوبائیت اور وطنیت پرستی کو پروان چڑھایا گیا۔

برادری ازم کی جڑیں مضبوط ہوئی تھیں لیکن ملی مسلم لیگ، اللہ اکبر تحریک کے کارکنان نے ان تمام چیزوں کا ازالہ کرنے کیلئے قوم کو لاالہ الااللہ محمد رسول اللہ اور اللہ اکبر کے نعرے یاد کروائے۔ ملی مسلم لیگ ان شاء اللہ لوگوں کے مسائل حل کرے گی اور انہیں متحد و منظم کیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ ہم نظریہ پاکستان اور خدمت انسانیت کا مشن لیکر میدان سیاست میں آئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کامیابیوں سے نواز رہا ہے۔ ہم نے قیام پاکستان کے مقاصد کی تکمیل اور اس ملک کی اسلامی شناخت قائم رکھنے کیلئے ملک گیر تحریک بپا کرنی ہے۔ وہ وقت جلد آئے گا جب پاکستان امن و امان اور خوشحالی کی عمدہ مثال بنے گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات