طلبہ کی تعلیم پر کئے جانے والے اخراجات کو بہترین سرمایہ کاری قرار دیا جاتا ہے،ڈاکٹر زبیر شیخ

محمد علی جناح یونیورسٹی میں اساتذہ کی تشخیص کے موضوع پر ہونے والے ورکشاپ سے خطاب

پیر 30 جولائی 2018 00:30

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2018ء) محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر زبیر شیخ نے کہا ہے کہ والدین اپنی اولاد کی تعلیم پر جو اخراجات برداشت کرتے ہیں اس کو ان کے بچوں کے شاندار مستقبل کے لئے ایک بہترین سرمایہ کاری قرار دیا جاسکتا ہے اس لئے اساتذہ پر یہ بھاری ذمہ داری عائید ہوتی ہے کہ وہ طلبہ کو تعلیم کی فراہمی کے ساتھ ساتھ انھیں ایک کامیاب عملیت پسند انسان بنانے پر بھی توجہ دیں تاکہ وہ اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد معاشرہ میں بہترین کارکردگی کا مظاہر کرسکیں۔

یہ بات انہوں نے گزشتہ روزیونیورسٹی کیمپس میں اساتذہ کی تشخیص کے موضوع پر ہونے والے ایک ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ نصاب کی تکمیل کے ساتھ ساتھ طلبہ کے ذہنوں میں پائے جانے والے خدشات کو دور کرنے پر بھی توجہ دیں اور ان کی جانب سے پوچھے جانے والے سوالات کا تسلی بخش جواب دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک اچھے استاد کے لئے لازم ہے کہ وہ کلاس میں نظم و ضبط قائم رکھتے وقت طلبہ کے شخصی وقار کو بھی مجروح نہ ہونے دیں اوران میں بحث و مباحثہ میں حصہ لینے کے رحجان کی حوصلہ افزائی کے علاوہ ان کو اجتماعی سرگرمیوں میں شرکت پر آمادہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ایک اچھے استاد کو تعلیمی اوقات کار کے دوران طلبہ کی مشکلات کو دور کرنے کے لئے بھی کام کرنا چاہئے۔ڈاکٹر زبیر شیخ نے کہا کہ استاد کو امتحانات کے بعد یا طلبہ کو دئے جانے والے اسائیمنٹ پر نمبرز دیتے وقت کسی قسم کی جانبداری ، تعصب یا صنفی امتیاز سے گریز کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں ٹیکنالوجی کے استعمال سے فائیدہ اٹھاتے ہوئے ایک استاد کو کورس سے متعلق معلومات اور لیکچرز کو ویب سائیٹس پر ڈال دینا چاہیے تاکہ طلبہ اس سے مستفیض ہو سکیں۔انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ اپنی کلاس لینے کے لئے وقت کی پابندی کا خاص خیال رکھیں تاکہ طلبہ کو بھی نظم و ضبط کی پابندی کا عادی بنایا جاسکے۔