ڈاکٹر یاسمین راشد کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنانے کی مہم تیز ، بینرز آویزاں ہو گئے

ڈاکٹر یاسمین راشد نے ان خبروں کو قیاس آرائیاں قرار دے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 30 جولائی 2018 11:34

ڈاکٹر یاسمین راشد کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنانے کی مہم تیز ، بینرز آویزاں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔30 جولائی 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو وزیراعلیٰ پنجاب بنائے جانے کی مہم دن بدن زور پکڑتی جا رہی ہے۔ لیکن پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے ان سب باتوں کو قیاس آرائیاں قرار دے دیا ہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشد کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنانے کے حق میں کئی جگہ بینرز بھی آویزاں کر دئے گئے ہیں۔

یہ بینرزلاہور پریس کلب کے اطراف میں فاؤنڈر ممبرز کی جانب سے آویزاں کئے گئے ہیں جن پر پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کو وزیراعلٰی پنجاب بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد کو وزیراعلیٰ پنجاب بنائے جانے سے متعلق پارٹی قیادت نے بھی غور کرنا شروع کر دیا ہے لیکن ڈاکٹر یاسمین راشد نے ان تمام باتوں کوقیاس آرائیاں قرار دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 125 سے انتخابات میں حصہ لیا لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد الیکشن تو ہار گئیں لیکن ان کی انتخابی مہم اور پارٹی کے لیے خدمات نے قوم کا دل جیت لیا ۔ ڈاکٹریاسمین راشد کی عام انتخابات میں ناکامی کے بعد انہیں مخصوص نشستوں پر اسمبلی میں لائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا لیکن بنی گالہ میں ڈاکٹر یاسمین راشد نے چئیرمین پاکستان تحریک انصاف سے ملاقات کی جس میں انہوں نے مخصوص نشست پر اسمبلی کا حصہ بننے سے انکار کر دیا۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ وہ مخصوص نشست پر اسمبلی کا حصہ نہیں بنیں گی بلکہ انتخاب لڑ کر اسمبلی میں نشست سنبھالیں گی۔ جس کے بعد یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد کو لاہور میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں نامزد کیا جائے گا جس کے بعد وہ ایک مرتبہ پھر سے الیکشن میں حصہ لیں گی۔ڈاکٹر یاسمین راشد کے دوبارہ الیکشن لڑنے اور ان کے ممبر اسمبلی بننے کی خبروں کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کے لیے اہم مہم کا آغاز ہو چکا ہے۔

ڈاکٹر یاسمین راشد نے عام انتخابات 2018ء میں این اے 125 جیسے مشکل حلقے میں الیکشن لڑ کر، مقابلہ کر کے اور 1 لاکھ 5 ہزار 557 ووٹ حاصل کر کے عوام کے دل جیت لیے ہیں اور سوشل میڈیا پر ان کو ''آئرن لیڈی'' جیسے خطابات بھی دئے گئے کہ انہوں نے انتخابات میں این اے 125 سے مسلم لیگ ن کا مقابلہ کیا۔سوشل میڈیا پر چلائی جانے والی مہم میں کہا جارہا ہے کہ ڈاکٹر یاسمین راشد پیشے کے اعتبار سے معالج ہیں، ایسے میں اگر ایک اعلٰی تعلیم یافتہ ڈاکٹر کو وزارت اعلیٰ کا عہدہ سونپ دیا جائے تو صوبے بھر میں مثبت تبدیلی دیکھنے میں آئے گی۔