بلدیہ عظمیٰ لاہور کا 10ارب 75کروڑ 22لاکھ 49ہزار روپے کا سالانہ متفقہ طوپر منظور

پیر 30 جولائی 2018 22:37

لاہور۔30جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جولائی2018ء) بلدیہ عظمیٰ لاہور کا 10ارب 75کروڑ 22لاکھ 49ہزار روپے کا سالانہ متفقہ طوپر منظورکر لیا گیا۔ تفصیل کے مطابق بلدیہ عظمیٰ لاہور کاخاص بجٹ اجلاس جناح ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں میئر لاہور کرنل (ر)مبشر جاوید،ڈپٹی میئرز،ڈسٹرکٹ ممبران اور اپوزیشن اراکین نے شرکت کی۔ میئر نے معز ز ایوان کے سامنے میٹروپولیٹن کارپوریشن کا تیسرا فاضل بجٹ برائے مالی سال 2018-19پیش کیا جس کا کل تخمینہ 10ارب 75کروڑ 22لاکھ 49ہزار روپے ہے ۔

بجٹ میںلاہور کی حدود میں ترقیاتی کاموںکی مد میں مبلغ 2ارب 4کروڑ روپے کی رقم مختص جبکہ جاری ترقیاتی سکیموں کی مد میںمبلغ 63کروڑ 45لاکھ 6ہزار روپے رکھے گئے ہیں۔ اسی طرح سائر اخراجات میں سٹریٹ لائٹ کی مد میں 15کروڑ روپے، تعمیر ومرمت سڑکات کی مد میں 30کروڑ روپے، قومی تہوار وغیرہ کی مد میں 7کروڑ روپے، فلٹریشن پلانٹ کی مد میں 15کروڑ روپے، سپورٹس کی مد میں 4کروڑ 10لاکھ روپے، سول ڈیفنس کی مد میں 2کروڑ 10لاکھ روپے اور انتظامات عیدالضحیٰ کی مد میں 10کروڑ روپے رکھے گئے۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے میئر نے کہا کہ جہاں ہم نے اربوں روپے کے گلی محلے میں ترقیاتی کام کروائے ہیں وہیں رائے ونڈ میں 17کنال اراضی پر قبضہ واگزار کروا کر جدید سہولیات سے آراستہ لاڑی اڈہ تعمیر کروایااسی طرح ہم نے مال روڈ جیسی خوبصورت سڑک پر مسجد شہداء سے پرانی گندگی سے بھرپور روایتی بیت الخلاء ختم کرکے جدید واش روم بنوائے جس سے ریگل چوک کی خوبصورتی میں اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ مال روڈ شہر لاہور کا دل ہے جسے مزید خوبصورت بنانے کیلئے فٹ پاتھ اور سروس روڈ کی تعمیر نو بھی انشاء اللہ اگلے ماہ شروع کر دی جائے گی۔ شہر بھر میں بلدیہ عظمیٰ کے تقریبا ً 50صنعتی سکول برائے خواتین ختم ہو گئے ہیں جن کی عمارتوں کی تزئین و آرائش کی جائے گی اور ان سکولوں میں دوبارہ خواتین کو سلائی کڑھائی پکوان وغیرہ کے کورسز شروع کروائے جائیں گے ۔