ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر فلم کے لیے اجازت نہ لینے کا انکشاف

جمعہ 3 اگست 2018 23:48

ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر فلم کے لیے اجازت نہ لینے کا انکشاف
لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2018ء) دنیا کی کم عمر ترین نوبل انعام یافتہ اور دنیا بھر کی لڑکیوں کی تعلیم کیلئے سرگرم کارکن ملالہ یوسف زئی کی زندگی پر بننے والی فلم کے لیے ان سے اجازت نہیں لی گئی۔ نجی ٹی وی کے مطابق اس بات کا انکشاف فلم گل مکئی کے ڈائریکٹر امجد خان نے ایک انٹرویو کے دوران کرتے ہوئے کیا ۔انہوںنے کہاکہ نہیں میں نے اجازت نہیں لی مگر میرا خیال ہے کہ ملالہ اور ان کا خاندان جانتا ہے کہ ایک بھارتی فلم ڈائریکٹر ان پر فلم بنارہا ہے، مگر ہاں میری خواہش ہے کہ میں انہیں ایک یہ فلم دکھائوں جب وہ ریلیز ہوجائے۔

انہوں نے کہا کہ میں یہ کہنا چاہتا ہوں کہ اس وقت کسی سوانح حیات کو بنانا مشکل ہوتا ہے جب لوگ اس فرد کی کہانی سے واقف ہوں۔

(جاری ہے)

ملالہ پر حملے ، ان کے بچنے اور زندگی کے سفر کے بارے میں لوگ جانتے ہیں، کیونکہ سب کچھ ہی میڈیا میں سامنے آچکا ہے۔انہوںنے کہاکہ تو میں نے اپنی کہانی پیچھے سے شروع کی ہے کہ کس طرح طالبان نے وادی سوات کا کنٹرول سنبھالا اور ملالہ سمیت وہاں کے بچے اس سے کیسے متاثر ہوئے۔

ڈائریکٹر نے بتایا کہ انہوں نے 2 سال تک ایک پاکستانی مصنف کے ساتھ تحقیق کی اور پھر اسکرپٹ کو فائنل کیا۔ان کے بقول میں نے سب کچھ ویسے ہی دکھایا جیسا حقیقت میں ہوا، مگر یہ ڈاکومینٹری نہیں بلکہ دیکھنے کے لیے اچھی کہانی ہے۔ میں نے حقائق اور تفریح کے درمیان توازن برقرار رکھنے کی کوشش کی۔انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اس فلم کے ریلیز ہونے کے بعد دنیا بھر میں اس کے پہلے دن کا بزنس ملالہ فنڈ کو عطیہ کریں گے۔