الیکشن ہم نے نہیں الیکشن کمیشن نے کرائے ہیں، اپوزیشن اپنے مطالبات تو سامنے لے کر آئے،فواد چودھری

فضل الرحمن ایک کلو گوشت کیلئے پوری بھینس ذبح کرنا چاہ رہے ہیں،قومی اسمبلی میں اس وقت 177 ارکان کی حمایت حاصل ہے، پنجاب اسمبلی میں بھی 186 ارکان ہمارے ساتھ ہیں، صحافیوں سے گفتگو

ہفتہ 4 اگست 2018 22:25

الیکشن ہم نے نہیں الیکشن کمیشن نے کرائے ہیں، اپوزیشن اپنے مطالبات تو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اگست2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ الیکشن ہم نے نہیں الیکشن کمیشن نے کرائے ہیں، اپوزیشن اپنے مطالبات تو سامنے لے کر آئے،فضل الرحمن ایک کلو گوشت کیلئے پوری بھینس ذبح کرنا چاہ رہے ہیں،قومی اسمبلی میں اس وقت 177 ارکان کی حمایت حاصل ہے، پنجاب اسمبلی میں بھی 186 ارکان ہمارے ساتھ ہیں۔

ہفتہ کو بنی گالہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی فواد چودھری نے کہا کہ الیکشن ہم نے نہیں الیکشن کمیشن نے کرائے ہیں، اپوزیشن اپنے مطالبات تو سامنے لے کر آئے۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن صرف دو حلقوں سے ہارے ہیں جبکہ 48 حلقوں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن ایک کلو گوشت کیلئے پوری بھینس ذبح کرنا چاہ رہے ہیں لیکن وہ 10 بار بھی الیکشن لڑ لیں جیت نہیں سکتے۔

(جاری ہے)

فواد چودھری نے کہا کہ بیشتر آزاد ارکان قومی اسمبلی تحریک انصاف میں شامل ہو گئے ہیں اور قومی اسمبلی میں اس وقت 177 ارکان کی حمایت حاصل ہے، پنجاب اسمبلی میں بھی 186 ارکان ہمارے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن 7 اگست کو سرکاری نتیجہ جاری کر رہا ہے جس کے بعد مخصوص نشستوں پر کامیاب امیدواروں کا اعلان کرے گا۔انہوں نے کہا کہ 11اگست تک ایوان مکمل ہوں گے جس کے بعد ہی وفاقی کابینہ کو حتمی شکل دی جا سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پھولوں کی سیج نہیں بلکہ کانٹوں کا بستر ہے، عوام کی توقعات ایک چیلنج ہے ،اللہ کی مدد سے عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گی۔فواد چودھری نے کہا کہ برطانوی ہائی کمشنر سے کہا کہ برطانیہ لوٹی گئی رقم واپس لانے میں مدد کرے، یورپی یونین اور خلیجی ممالک نے بھی رقوم کی واپسی میں مدد کی یقین دہائی کرائی ہے۔