عدالت نے رانا ثناء اللہ کی سن لی

لاہور ہائیکورٹ کا حکومت پنجاب کو سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ سے تا حکم ثانی سیکیورٹی واپس نہ لینے کا حکم

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعہ 10 اگست 2018 11:49

عدالت نے رانا ثناء اللہ کی سن لی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10اگست 2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے حکومت پنجاب کو سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ سے تا حکم ثانی سیکیورٹی واپس نہ لینے کا حکم دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق لاہورہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے رانا ثناء اللہ کی درخواست کی سماعت کی ۔ اور آئی جی پنجاب ، چیف سیکریٹری سمیت دیگر فریقین کو آئندہ ہفتے کے لیے نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔

یاد رہے رانا ثناء اللہ کی طرف سے درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ انہیں عام انتخابات کے دوران سنگین دھمکیاں دی گئی جب کہ انتخابات کے بعد بھی انہیں مخلتف مکاتب فکر کے لوگوں سے سنگین دھمکیاں مل رہی ہیں۔انہوں نے تمام متعلقہ فورمز پر سیکیورٹی کے لیے درخواستیں دیں لیکن سیکیورٹی کی فراہمی کے لئے کوئی شنوائی نہیں کی جا رہی۔

(جاری ہے)

رانا ثناء اللہ نے عدالت سے استدعا کی کہ پولیس حکام کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔

جس کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے حکومت پنجاب کو سابق وزیر قانون رانا ثناء اللہ سے تا حکم ثانی سیکیورٹی واپس نہ لینے کا حکم دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ رانا ثناء اللہ کے وکیل کے مطابق رانا ثنااللہ نے تمام متعلقہ فورمز پر سیکیورٹی کے لیے درخواستیں دیں، لیکن سیکیورٹی کی فراہمی کے لئے کوئی شنوائی نہیں کی جا رہی۔ وکیل کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ پولیس حکام کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیا جائے، جس پر لاہور ہائی کورٹ نے رانا ثناء اللہ سے تاحکم ثانی سیکیورٹی واپس نہ لینے کا حکم جاری کردیا۔

یاد رہے آئی جی پنجاب پولیس عارف نواز نے اپریل کے ماہ میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کے حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے پنجاب بھر میں سیکیورٹی پر مامور 4 ہزار 610 اہلکاروں کو واپس بلا لیا تھا۔