سپریم کورٹ میں انتخابی عذرداریوں کی سماعت، پی پی 123 سے سونیا رضا کی دوبارہ گنتی کیخلاف اپیل خارج،

حلقہ این اے 91 سے ذوالفقار علی بھٹی اور پی پی 177 سے کرنل (ر) محمد ہاشم ڈوگر کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم

جمعہ 10 اگست 2018 23:32

سپریم کورٹ میں انتخابی عذرداریوں کی سماعت، پی پی 123 سے سونیا رضا کی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اگست2018ء) سپریم کورٹ نے انتخابی عذرداریوں کی سماعت کے دوران پی پی 123 ٹوبہ ٹیک سنگھ سے پی ٹی آئی کی امیدوار سونیا رضا کی دوبارہ گنتی کیخلاف اپیل غیر موثر ہونے کی بنیاد پر خارج کردی جبکہ پی پی 177 قصور 4 میں دوبارہ گنتی کا معاملہ میں عدالت نے تحریک انصاف کے رہنما کرنل (ر) محمد ہاشم ڈوگر کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 91 سرگودھا میں دوبارہ گنتی کا حکم معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو (ن) لیگ کے ذوالفقار علی بھٹی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا ہے۔انتخابی عذرداریوں کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ عدالت نے پی پی 123 ٹوبہ ٹیک سنگھ سے پی ٹی آئی کی امیدوار سونیا رضا کی دوبارہ گنتی کیخلاف اپیل غیر موثر ہونے کی بنیاد پر خارج کردی۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے کہا کہ حلقہ میں دوبارہ گنتی ہو چکی ہے، دوبارہ گنتی ہونے پر اپیل غیر موثر ہو چکی، سونیا رضا کے وکیل نے دلائل میں موقف اختیار کیا کہ دوبارہ گنتی کا حکم خلاف قانون ہے، رزلٹ مرتب ہونے کے بعد دوبارہ گنتی نہیں ہو سکتی، ہائی کورٹ نے انٹراکورٹ اپیل چار دن زیر التوا رکھی، 209 میں سے صرف اکیس پولنگ سٹیشنز کی دوبارہ گنتی کی گئی، دوبارہ گنتی میں سونیا رضا کی جیت ہار میں بدل گئی۔

عدالت نے وکیل کے دلائل سے اتفاق نہ کرتے ہوئے اپیل خارج کردی۔ سپریم کورٹن میںپی پی 177 قصور 4 میں دوبارہ گنتی سے متعلق کیس میںعدالت نے تحریک انصاف کے رہنما کرنل (ر) محمد ہاشم ڈوگر کی جیت کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا۔ دوران سماعت عدالت نے ری کائونٹینگ فوراً روک کر نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا۔ سپریم کورٹ نے ہائی کورٹ کا فیصلہ بھی معطل کر دیا،ہائی کورٹ نے ری کائونٹینگ کا حکم دیا تھا۔

سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 91 سرگودھا میں دوبارہ گنتی کا حکم معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ن لیگ کے ذوالفقار علی بھٹی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیا ہے۔دوران سماعت وکلاء کی جانب سے عدالت کو آگاہ کیا گیا کہ عام انتخابات میں ن لیگ کے ذوالفقار بھٹی نے 110654 ووٹ حاصل کیے تھے، مخالف امیدوارتحریک انصاف کے عامر سلطان نے 110567 ووٹ لیے، پی ٹی آئی کے عامر سلطان کو 87 ووٹوں سے شکست ہوئی، ریٹرننگ افسر نے دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کی تھی،الیکشن کمیشن نے بھی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کرکے درخواست گزار کو الیکشن ٹربیونل سے رجوع کرنے کا حکم دیا تھا۔

کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ ہائیکورٹ نے ریٹرننگ افسر کو دوبارہ گنتی کا حکم دیا لیکن الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چھوا تک نہیں، انتخابی نتیجہ مرتب ہونے کے بعد ریٹرنگ افسر دوبارہ گنتی کرنے کا مجاز نہیں۔ عدالت نے درخواست گزار کو الیکشن ٹربیونل سے رجوع کرنے کے فیصلے کو برقرار رکھا۔ عدالت نے این اے 91 سرگودھا میں دوبارہ گنتی کی درخواست خارج کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ن لیگ کے ذوالفقار علی بھٹی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دیدیا۔