جرمنی ، نائن الیون حملوں میں ملوث مجرم منیر المعصدق کی قبل از وقت رہائی

رہائی کے بعد اسے جرمنی سے واپس مراکش روانہ کر دیا جائے گا،آبائی وطن پہنچتے ہی گرفتارکرلیاگیاجائیگا

ہفتہ 11 اگست 2018 12:57

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2018ء) نائن الیون حملوں میں دہشت گردوں کو معاونت فراہم کے جرم میں سزا پانے والا منیر المتصدق اپنی پندرہ سالہ سزا کاٹنے بعد جلد ہی رہا ہونے والا ہے۔ رہائی کے بعد اسے جرمنی سے واپس مراکش روانہ کر دیا جائے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق گیارہ ستمبر 2011میں امریکا میں ہوئے دہشت گردانہ حملوں میں معاونت فراہم کرنے پر جرمنی کی ایک عدالت نے منیر المتصدق کو پندرہ سال کی سزائے قید سنائی تھی۔

اس پر الزام تھا کہ وہ نہ صرف القاعدہ کا رکن تھا بلکہ اس دہشت گردانہ کارروائی میں اس نے لوگوں کو قتل کرنے میں اس دہشت گرد تنظیم کو معاونت فراہم کی تھی۔ حکام نے بتایا کہ شمالی جرمن شہر ہیمبرگ کی ایک جیل میں قید اس مجرم کو رواں برس اکتوبر کے وسط میں رہا کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

منیر کو اپنی سزا کاٹنے کے بعد دراصل نومبر میں رہائی ملنی تھی تاہم اسے فوری طور پر مراکش روانہ کرنے کی غرض سے ایک ماہ قبل ہی آزاد کر دیا جائے گا اور اس دوران اس کی آبائی وطن واپسی کے حوالے سے قانونی تقاضوں کو پورا کیا جائے گا۔

منیر کی مراکش واپسی کا دفاع کرتے ہوئے وفاقی دفتر استغاثہ کی ترجمان فراؤکے کوہلر نے بتایاکہ اس اقدام سے ہمیں اختیار حاصل ہو جائے کہ اگر وہ (منیر) جیسے ہی دوبارہ جرمنی کی سرزمین پر قدم رکھے تو ہم اسے گرفتار کر لیں۔چوالیس سالہ منیر المتصدق کو جرمن حکام نے گیارہ ستمبر2011 میں امریکا میں ہوئے حملوں کے فوری بعد گرفتار کر لیا تھا۔ کئی برسوں کی قانونی کارروائی کے بعد اسے مجرم قرار دیا گیا تھا اور 2006میں اسے پندرہ برس کی سزائے قید سنا دی گئی تھی۔

مراکش واپس پہنچنے پر منیر المتصدق کے ساتھ کیا ہو گا یہ ابھی تک واضح نہیں ہو سکا ۔ اس بارے میں کوئی علم نہیں ہو سکا کہ آیا اسے اپنے آبائی وطن پہنچنے پر گرفتار کر لیا جائے گا یا وہ آزادی سے اپنی زندگی بسر کرنے کے قابل ہو سکے گا۔