شیخ عبدالعزیز ایک دوراندیش سیاسی رہنما اور جری کمانڈر تھے‘ سید علی گیلانی

کشمیری حق خود ارادیت کی تحریک کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچائیں گے

اتوار 12 اگست 2018 12:50

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اگست2018ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے شیخ عبدالعزیز کو انکی شہادت کی دسویں برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں ایک دور اندیش سیاسی رہنما اور جری کمانڈر قرار دیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے جنہیں قابض انتظامیہ نے گھر میں نظر بند کر رکھا ہے ، سرینگر میں حریت ہیڈکوارٹرز پر شیخ عبدالعزیز کی برسی کے سلسلے میں منعقدہ ایک کانفرنس سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شیخ عبدالعزیز ایک بے لوث حریت پسند رہنما تھے جنہوںنے اپنے گرم گرم لہو سے تحریک آزادی کی آبیاری کی۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ شیخ عبدالعزیز ایک مدبر سیاسی رہنما ہونے کے ساتھ ساتھ ایک دور اندیش اور بہادر عسکری کمانڈر بھی تھے جنہوں نے بھارتی فوجی طاقت کے آگے جھکنے کے بجائے سینے پر گولی کھانے کو ترجیح دی۔

(جاری ہے)

سید علی گیلانی نے اس موقع پر تمام شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے شہداء کے عظیم مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیر یوں کے عزم کا اعادہ کیا۔

شیخ عبدالعزیز شہید کی برسی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے غلام نبی سمجھی ، محمد یٰسین عطائی، سید محمد شفیع، زمرودہ حبیب، یاسمین راجہ ، محمد رفیق گنائی اور شیخ عبدالرحیم نے بھی خطاب کرتے ہوئے شہید عبدالعزیز اور دیگر لاکھوں شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔مقررین نے کشمیرمیں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے بھارتی منصوبوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری حق خود ارادیت کی تحریک کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

دریں اثنا سید علی گیلانی نے سینئر حریت رہنما مسرت عالم بٹ کے چچا محمد اسد اللہ بٹ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے غم زدہ خاندان کیساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔ سید علی گیلانی کی ہدایت پر غلام نبی سمجھی کی قیادت میں حریت کا ایک وفد غم زدہ خاندان کے ساتھ اظہار تعزیت کے لیے انکے گھر گیا۔ سید علی گیلانی نے حریت کارکن شکیل احمد بٹ کی گرفتاری کی بھی شدید مذمت کی۔