غرب اردن اور بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کا وحشیانہ کریک ڈاؤن ،متعدد فلسطینیوں کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا

منگل 14 اگست 2018 15:00

رام اللہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے اور بیت المقدس میں اسرائیلی فوج نے وحشیانہ کریک ڈاؤن کے دوران متعدد فلسطینیوں کو حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے ۔اسرائیلی فوج کی طرف سے بیان میں بتایا گیا ہے کہ غرب اردن اور بیت المقدس میں گھر گھر تلاشی کے دوران سیکیورٹی اداروں کو مطلوب افرادکوحراست میں لیا گیا ہے۔

تلاشی کی کارروائیوں کے دوران فلسطینی شہریوں کے گھروں میں لوٹ مار کی گئی اور قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی گئی۔ قابض فوج کا کہنا ہے کہ شمالی شہر کنین میں ایک کارروائی کے دوران اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے جبکہ رام اللہ سے بھی اسلحہ ضبط کرنے کا دعویٰ کیا گیا۔ادھر اسرائیلی فوج نے جنین میں جبع کے مقام پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران حماس کے مقامی رہ نما نزیہ ابو عون اور ان کے بیٹے اسلام ابو عون کو ھراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔

(جاری ہے)

دونوں پہلے بھی اسرائیلی زندانوں میں قید کاٹ چکے ہیں۔رپورٹ کے مطابق صہیونی فوج کی بھاری نفری نے ابو عون کے گھر کا محاصرہ کرنے کے بعد گھر میں تلاشی کا سلسلہ شروع کیا۔ گھر میں موجود خواتین اور بچوں کو زدو کوب کیا گیا اور طلائی زیورات اور نقدی لوٹ لی اوردیگر قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کی۔کلب برائے اسیران کے مطابق صہیونی فوج نے سابق اسیر مہنا شرقاوی کو حراست میں لے لیا۔

متعلقہ عنوان :