ملک بھر کی طرح صحبت پور میںبھی 71ویں جشن آزادی کے موقع پر تقریب اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا

منگل 14 اگست 2018 18:35

صحبت پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2018ء) ملک بھر کی طرح صحبت پور میںبھی 71ویں جشن آزادی کے موقع پر تقریب اور ریلیوں کا انعقاد کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر آفس صحبت پور میںپرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں سابق نگران وزیراعظم حاجی ہزار خان کھوسہ و ڈپٹی کمشنر صحبت پور آغا شیر زمان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نجیب اللہ پندرانی نے پرچم کشائی کی اور منعقدہ تقریب کا آغاز کیا گیا۔

تقریب میں تمام ضلعی آفیسران و سیاسی و سماجی شخصیات سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے اور سکول کے بچوں نے شرکت کی۔تقریب میں سکول کے بچوں نے ملی نغمات ،ٹیبلواور تقاریر کے ذریعے وطن عزیز سے محبت کا اظہارکیا اوروطن کی شان کو خوب اجاگر کیا۔اس موقع پر سابق وزیر اعظم حاجی ہزار خان کھوسہ،ڈپٹی کمشنر صحبت پور آغا شیر زمان خان،ڈسٹرکٹ پولیس آ فیسر صحبت پور نجیب اللہ پندرانی ودیگر نے اپنے خطابات میں کہا کہ وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

آزادی بڑی نعمت ہے جو ہمیں بڑی قربانیوں کے صلے میں حاصل ہوا ہے۔اس کی حفاظت ہم سب پر فرض ہے۔جشن آزادی کے موقع پر ایف سی67ونگ اورسیاسی وسماجی تنظیموں کی جانب سے ریلیاں نکالی گئیں۔جن میں بچوں اور جوانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اورخوب جوش وجذبہ سے وطن عزیز سے محبت کا اظہار کیا ۔ریلیوں میںلوگوں نے موٹر سائیکل اور گاڑیوں کو سبز جھنڈیوں سے خوب سجاکر شرکت کی ۔

ریلی میں شامل بچوں اور جوانوںنے ملی نغموں کی دھن پر جھومتے گنگناتے ہوئے پاکستان کی شان میں بلند شگاف نعرے لگائے۔ریلیوں کے تمام شرکاء صحبت پور مین چوک پر جمع ہوئے اور سب نے مل کر ملی نغموں کی دھن پر خوب رقص کیا ۔تمام سیاسی وسماجی تنظیموں کے قائدین اور ایف سی 67ونگ کے میجر قمر فاروق نے وطن عزیز کی شان میں اپنے جذبات کو ظاہر کیا ۔