ڈونلڈ ٹرمپ نے آئندہ سال کے لیے 716 ارب ڈالر کے ریکارڈ دفاعی بجٹ کی دستاویز پر دستخط کر دیئے

منگل 14 اگست 2018 22:02

واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آئندہ سال کے لیے 716 ارب ڈالر کے ریکارڈ دفاعی بجٹ کی دستاویز پر دستخط کر دیئے ہیں۔ انہوں نے اس دستاویز پر دستخط کے موقع پر کہا کہ یہ بجٹ جدید امریکی تاریخ کی اہم ترین سرمایہ کاری ہے۔

(جاری ہے)

روئٹرز کے مطابق اس بجٹ میں مختص رقوم سے دیگر شعبوں کے علاوہ امریکی فوج کے پرانے ٹینکوں، جنگی طیاروں اور پرانے بحری جہازوں کی جگہ زیادہ جدید ماڈل متعارف کرائے جائیں گے۔

اس کے علاوہ امریکی فوج کی نفری میں انہی رقوم سے مزید 15 ہزار 6 سو فوجیوں کا اضافہ بھی کیا جائے گا۔ آئندہ برس کے لیے اب قانون کی شکل اختیار کر جانے والے اس دفاعی بجٹ کے مطابق امریکی فوج کے اہلکاروں کی تنخواہوں میں 2019ء سے 2.6 فیصد کا اضافہ بھی کیا جائے گا۔