غزہ اور غرب اردن کے درمیان تجارتی راہداری ’کرم ابو سالم‘ کو ایک ماہ بعد کھول دیا گیا

جمعرات 16 اگست 2018 18:29

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2018ء) اسرائیلی حکام نے فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی اور مقبوضہ مغربی کنارے کے درمیان تجارتی آمد ورفت کیلئے استعمال ہونیوالی کراسنگ پوائنٹ ’کرم ابو سالم‘ کو دوطرفہ ٹریفک کیلئے کھول دیا ہے۔اطلاعات کے مطابق غزہ میں جنرل ڈاریکٹوریٹ آف کراسنگ اینڈ بارڈرز کے ترجمان بسام عبداللہ نے بتایا کہ کرم ابو سالم کو ایک ماہ بعد گزشتہ روزکھولا گیا ہے جس کے بعد دونوں طرف سے سامان سے لدے ٹرک اور دیگر گاڑیاں اپنے منزل کی طرف روانہ ہوئے ۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کرم ابو سالم کراسنگ کو کھولنے کا فیصلہ وزیر دفاع آوی گیڈور لائبرمین کی جانب سے کیا گیا ہے۔عبرانی ٹی وی نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ کرم ابو سالم سے 800 ٹرک سامان لے کر غزہ داخل ہوئے۔ادھر ایک دوسری پیشرفت میں اسرائیلی فوج نے فلسطینی ماہی گیروں کو سمندر میں مزید دور تک مچھلیوں کے شکار کی اجازت دے دی ہے۔ فلسطینی ماہی گیر یونین کے نگران نزار عیاش نے بتایا کہ غزہ کے ماہی گیروں کو وسطی غزہ سے شمالی غزہ تک 6 سمندری میل اور جنوب کی طرف سے 9 میل تک مچھلیوں کے شکار کی اجازت دے دی ہے۔