ملکی زرمبادلہ ذخائر مزید گراوٹ کا شکار ہوگئے

جمعرات کے روز ملکی زرمبادلہ ذخائر میں 29 کروڑ ڈالرز کی کمی واقع، کل ذخائر 16 ارب 71 کروڑ ڈالرز کی سطح تک آ گئے

muhammad ali محمد علی جمعرات 16 اگست 2018 20:24

ملکی زرمبادلہ ذخائر مزید گراوٹ کا شکار ہوگئے
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اگست2018ء) ملکی زرمبادلہ ذخائر مزید گراوٹ کا شکار ہوگئے، جمعرات کے روز ملکی زرمبادلہ ذخائر میں 29 ڈالرز کی کمی واقع، کل ذخائر 16 ارب 71 کروڑ ڈالرز کی سطح تک آ گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کی معاشی حالت چین اور سعودی عرب کی جانب سے مالی مدد فراہم کیے جانے کے باوجود بدتر ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

چین کی جانب سے کچھ روز قبل پاکستان کو 2 ارب ڈالر کا آسان شرائط پر قرضہ فراہم کیا گیا تھا۔ قرضہ پاکستان کے گرتے ہوئے کرنسی ذخائر کو سہارا دینے کیلئے فراہم کیا گیا۔ تاہم اس کے باوجود یکدم پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں بڑی کمی واقع ہوئی ہے۔ جمعرات کے روز پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں 29 کروڑ ڈالر کی کمی واقع ہوئی۔ 29 کروڑ ڈالر کی کمی واقع ہونے کے بعد پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر 16 ارب 71 کروڑ ڈالرز کی سطح تک آ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اسٹیٹ بینک نے بیرونی قرضوں کی ادائیگی کے حوالے سے بھی خصوصی رپورٹ جاری کی ہے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ مالی سال 2018ء کے دوران غیرملکی قرضوں کی مد میں 7.5 ارب ڈالر کی ادائیگیاں کی گئی ہیں۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ مالی سال کے دوران غیرملکی قرضوں کی ادائیگی کی شرح میں مالی سال 2017ء کے مقابلہ میں 8 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

ایس بی پی کے اعدادوشمار کے مطابق مالی سال 2017ء کے دوران غیرملکی قرضوں اور سود کی ادائیگی وغیرہ کیلئے پاکستان نے 8.15 ارب ڈالر کی ادائیگیاں کی تھیں جبکہ گذشتہ مالی سال 2018ء کے دوران غیرملکی قرضوں اور سود وغیرہ کی مد میں 7.48 ارب ڈالر کی ادائیگیاں کی گئی ہیں۔اس طرح مالی سال 2017ئ کے مقابلہ میں مالی سال 2018ء کے دوران غیرملکی قرضوں اور سود کی ادائیگی کی مد میں 668 ملین ڈالر یعنی 8 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔