میر عبدالقدوس بزنجو اور سردار بابر موسیٰ خیل بحیثیت سپیکر اور ڈپٹی سپیکر جمہوری روایات کی سربلندی کے لئے بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے، نگرا ں وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین مری

جمعہ 17 اگست 2018 01:10

کوئٹہ۔16 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے میرعبدالقدوس بزنجو کو اسپیکر اور سردار بابر موسیٰ خیل کو ڈپٹی سپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے ایک تہنیتی بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخابات جمہوری اور احسن طریقے سے ہوئے جس میں تمام پارلیمانی جماعتوں کے نمائندوں نے حصہ لیا جو ایک صحت مندانہ جمہوری طرز عمل کا مظہر ہے جس سے جمہوریت کو مزید استحکام ملے گا اور جمہوری کلچر مزید پروان چڑھے گا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ انتخابات میں ایک امیدوار جیتتا ہے جبکہ دوسرا امیدوار ہار جاتا ہے یہ جمہوریت کا حسن ہے کہ ہارنے والاکھلے دل سے اپنی شکست تسلیم کر لیتا ہے اور یہ امر انتہائی خوش آئند ہے کہ بلوچستان اسمبلی میں بھی اپنی شاندار روایات کو برقرار رکھتے ہوئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کا مرحلہ جمہوری روایات کے مطابق مکمل کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میر عبدالقدوس بزنجو ایک سینئر اور منجھے ہوئے سیاستدان ہیں جنہوں نے بحیثیت وزیراعلیٰ بلوچستان ، اسپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی اور قائم مقام گورنر بلوچستان بھی خدمات سرانجام دیں اور ہر حیثیت میں بلوچستان کے مسائل کے حل کے لئے بھرپور صلاحیتیوں کامظاہرہ کیا اور عوامی خدمت کی مثال قائم کی۔ نگران وزیراعلیٰ نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ میر عبدالقدوس بزنجو اور سردار بابر موسیٰ خیل بھی بحیثیت اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر جمہوری روایات کی سربلندی کے لئے بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے اور بلوچستان اسمبلی کے نیک نامی میں مزید اضافہ کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے ان کی مزید کامیابیوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔