انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لئے کمیشن کے قیام تک احتجاج جاری رکھیں گے، میاں ضیاء الرحمن

جمعہ 17 اگست 2018 11:30

اسلام آباد ۔17 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) خیبر پختونخوا کے رکن اسمبلی میاں ضیاء الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ملکی ترقی کے لئے نو منتخب حکومت کے ہر مثبت فیصلے کا خیر مقدم کرے گی ۔ پارلیمان کے اندر اور باہر 2018ء کے عام انتخابات میں دھاندلی کے خلاف احتجاج اس وقت تک جاری رکھے گی جب تک پارلیمانی کمیشن قائم نہیں کیا جاتا۔

اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران ملک میں توانائی کے بحران کے حل کے لئے توانائی کے منصوبے شروع کئے جبکہ کئی منصوبوں کی تکمیل سے توانائی کے بحران کے حل میں مدد ملی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے دور میں ملک کی ترقی کے لئے سب سے بڑے ’’سی پیک‘‘ منصوبہ کا آغاز ہوا جس کی تکمیل سے نہ صرف عوام کو روز گار کے مواقع میسر آئیں گے بلکہ ملک معاشی طور پر بھی ترقی کرے گا انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں مثبت اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی اور مکمل ترقی کے لئے نو منتخب حکومت کے منصوبوں کے حمایت کرے گی اور ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔

(جاری ہے)

میاں ضیاء الرحمن نے کہا کہ 2018ء کے عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کے آر ٹی ایس سسٹم کی خرابی ہے یہ بات واضح ہوگئی کہ مسلم لیگ (ن) کو شکست دینے کے لئے یہ سب کچھ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) چاروں صوبوں اور قومی اسمبلی میں انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے اسمبلی کے اندر اور باہر احتجاج کا سلسلہ اس وقت تک جاری رہے گا جب تک دھاندلی کی تحقیقات کے لئے پارلیمانی کمیشن قائم نہیں کیا جاتا۔