کلر سیداں،نجی تعلیمی اداروں نے موسم گرما کی چھٹیاں ختم ہونے کے بعد بچوں سے چھٹیوں کی یکمشت فیسیں وصول کرنا شروع کر دیں

چھٹیوں کے دوران بلڈنگز کا کرایہ اور اساتذہ کی تنخواہیں بچوں کی فیسوں سے ہی ادا کرنا ہوتی ہیں، ایک نجی سکول کے مالک کی ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو

جمعہ 17 اگست 2018 18:36

کلرسیداں ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2018ء) کلر سیداں میں نجی تعلیمی اداروں کے سربراہوں نے موسم گرما کی چھٹیاں ختم ہونے کے بعد بچوں سے چھٹیوں کی یکمشت فیسیں وصول کرنا شروع کر دیں جبکہ احتجاج کرنے والے والدین کو اپنے بچوں کو سرکاری تعلیمی اداروں میں داخل کروانے کا مشورہ دینے لگے۔چھٹیوں کے دوران بلڈنگز کا کرایہ اور اساتذہ کی تنخواہیں بچوں کی فیسوں سے ہی ادا کرنا ہوتی ہیں، ایک نجی سکول کے مالک کی ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق نجی تعلیمی اداروں کے مالکان نے چھٹیوں کی فیسیں وصول نہ کرنے کے عدالتی احکامات کو ہوا میں اڑا دیا اور چھٹیاں ختم ہونے کے فورا بعد بچوں سے چھٹیوں کی فیسیں وصول کی جانے لگیں۔بعض نجی تعلیمی اداروں نے تکرار کرنے والے والدین کو نہ صرف کھری کھری سنا دیں بلکہ اپنے بچوں کو یہاں سے ڈسچارج کروا کر سرکاری تعلیمی اداروں میں داخل کروانے کا بھی مشورہ دے دیا۔ادھر کلر سیداں میں ایک نجی تعلیمی ادارے کے سربراہ نے میڈیا کو بتایا کہ سکول میں چھٹیوں کے دوران بلڈنگز کا کرایہ،بجلی بل اور اساتذہ کی تنخواہیں پوری کرنے کیلئے ان کے پاس بچوں کی فیسیوں کے علاوہ کوئی اور وسائل نہیں اس لئے چھٹیوں کی فیسیں وصول کرنا ان کی مجبوری بن گئی ہے۔