پشاور، پارٹی کو تمام سطحوں پر منظم و فعال بنایا جا رہا ہے،سکندر حیات خان شیرپائو

تنظیم سازی پر بھرپور توجہ دے کر عوام کے ساتھ رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا، صوبائی چیئرمین قومی وطن پارٹی

جمعہ 17 اگست 2018 23:02

پشاور، پارٹی کو تمام سطحوں پر منظم و فعال بنایا جا رہا ہے،سکندر حیات ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اگست2018ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ پارٹی کو تمام سطحوں پر منظم و فعال بنایا جا رہا ہے اور اس سلسلے میں تنظیم سازی پر بھرپور توجہ دے کر عوام کے ساتھ رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں پارٹی کارکنوں کی انتھک محنت اور جدوجہد قابل تحسین ہے اور ہم ان کی کارکردگی کو سراہتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے گائوں شیرپائو میں یونین کونسل آبازئی کے پارٹی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے ضلعی عہدیدار ،حلقہ کی تنظیم اور ضلعی و تحصیل ممبران بھی موجود تھے۔سکندر شیرپائو نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کی سیاست کا بنیادی مقصد خیبر پختونخوا کے عوام کی خوشحالی اور بہتر مستقبل کا حصول ہے اور پارٹی قیادت کی مثالی کردار اس کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ہم نے ہر موقع پر صوبہ کی بھر پور نمائندگی کرتے ہوئے یہاں کے وسائل پر مکمل اختیار اور عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے آواز اٹھائی ہے اور مستقبل میں بھی ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔انھوں نے بجلی کے حالیہ لوڈشیڈنگ کی شدید مزمت کی اور کہا کہ یہ پختونوں کے حق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے کیونکہ خیبر پختونخوا اپنی ضرورت سے زیادہ اور سستی بجلی پیدا کررہا ہے جس کے باوجود سب سے زیادہ لوڈشیڈنگ بھی یہاں پر کی جارہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی آزمایا ہوا جماعت ہے اور ان سے صوبہ کے عوام کو بہتری کی کوئی توقع نہیں۔انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی گزشتہ پانچ سال میںصوبہ کی تعمیر و ترقی اور عوامی بہبود کے بجائے دھرنوں اور نان ایشوز میں ضائع کئے جس کی وجہ سے نہ صرف صوبہ اپنے وسائل سے محروم رہا بلکہ عوامی اور اہم قومی مسائل بھی پس پشت چلے گئے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی بھرپور اور موثر انداز میں صوبہ کے حقوق کے تحفظ کیلئے کردار ادا کرے گی اور اس ضمن میں کسی کو پختونوں کے حقوق غصب نہیں ہونے دے گی۔