چینی چڑیا گھر میں شیر کے پنجرے میں کتوں کو دیکھ کر شہریوں کو شدید غصہ

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 17 اگست 2018 23:33

چینی چڑیا گھر میں شیر کے پنجرے میں کتوں کو دیکھ کر شہریوں کو شدید غصہ
چین کے صوبہ کے ہیبئی میں یوہی چڑیا گھر  کی انتظامیہ  پر  شہریوں کی طرف سے شدید تنقید  کی جارہی ہے۔ اس چڑیا گھر کے ایک پنجرے پر سائبیرین شیر لکھا ہے جبکہ اس کے اندر کتے بند ہیں۔چڑیا گھر انتظامیہ  کی یہ حرکت دیکھ کر ایک نوجوان نے    ”شیروں“ کے پنجرے کی ویڈیو بنا کر چینی سوشل میڈیا سائٹ ویبو پر پوسٹ کر دی، جہاں سے یہ وائرل ہوگئی۔ اس ویڈیو میں دوسرے کئی ایسے مواقع بھی دکھائے گئے، جہاں چڑیا گھروں میں پنجرے میں غلط  جانور رکھے گئے ہیں۔

ویڈیو میں  شترمرغ کے پنجرے میں مرغیاں اور مگرمچھوں کی جھیل میں بگلے دکھائے گئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر دیگر صارفین نے بھی چڑیا گھر کی اس حرکت پر غصے کا اظہار کیا ہے۔ ایک صارف کا کہنا ہے کہ  یہ بھیڑ کا سر دکھا کر کتے کا گوشت فروخت کرنے جیسا ہے۔

(جاری ہے)


چڑیا گھر کی انتظامیہ نے اپنے چڑیا گھر میں اس طرح کے واقعے کا انکار کر دیا ہے۔ چڑیا گھرانتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس سال کے شروع میں اپنے چڑیا گھر سے بڑے جانور منتقل کر دئیے ہیں۔

اب ان کے پنجروں میں دوسرے جانور ہیں لیکن انتظامیہ ابھی تک پنجروں پر لکھے نام نہیں بدل سکی۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے ٹکٹ کی قیمت بھی کم کر دی ہے اور ٹکٹ خریدتے ہوئے شہریوں کو چڑیا گھر کی تبدیلیوں کے بارے میں بتایا جاتا ہے۔ چڑیا گھر کے ایک ملازم کا کہنا ہے کہ یہ چھوٹا سا پرائیویٹ چڑیا گھر ہے، یہاں اس طرح کے مسائل ہیں، جنہیں حل کیا جا رہا ہے۔
چڑیا گھروں میں ہونے والا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ پچھلے سال دسمبر میں ایک چینی چڑیا گھر میں ہی انتطامیہ نے جانوروں کے پنجروں میں ہوا سے پھولنے والے کھلونے رکھ دئیے تھے۔ اس سال جولائی میں مصر کے ایک چڑیا گھر میں گدھوں کے اوپر روغن کر کے انہیں زیبرے کے طور پر ظاہر کیا گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :