ہالی ووڈ لیجنڈ رابرٹ ڈی نیرو کے 80 سال کی عمر میں باپ بننے کی تصدیق

اپنی نومولود بیٹی کے بارے میں بتاتے ہوئے جذباتی ہوگئے‘ رابرٹ ڈی نیرو کے اس سے پہلے 6 بچے ہیں

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 1 فروری 2024 12:43

ہالی ووڈ لیجنڈ رابرٹ ڈی نیرو کے 80 سال کی عمر میں باپ بننے کی تصدیق
نیو یارک ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 01 فروری 2024ء ) ہالی ووڈ کے 80 سالہ لیجنڈ رابرٹ ڈی نیرو ساتویں بار باپ بن گئے، انہوں نے ایک انٹرویو میں اس خبر کی تصدیق کی اور اپنی نومولود بیٹی کے بارے میں بات کرتے ہوئے جذباتی ہو گئے۔ عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق اے اے آر پی میگزین کو انٹرویو میں 2 بار آسکر جیتنے والے لیجنڈ اداکار رابرٹ ڈی نیرو نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے 80 سال کی عمر میں باپ بننے کو عظیم احساس قرار دیا اور تصدیق کی ہے کہ "انہوں نے گزشتہ برس مئی میں اپنے ساتویں بچے کا استقبال کیا"، اس ہفتے مارٹن سکورسیز کے ’کلرز آف دی فلاور مون‘ میں معاون کردار کے لیے اکیڈمی ایوارڈ کی ایک اور نامزدگی حاصل کرنے والے رابرٹ ڈی نیرو اور ان کی پارٹنر ٹفنی چن نے اپنی بیٹی کا نام ’جیا‘ رکھا ہے، رابرٹ ڈی نیرو کے اس سے پہلے 6 بچے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ "جب میں اپنی بیٹی کو دیکھتا ہوں تو ہر وہ چیز جو مجھے پریشان کرتی ہے یا جس کے بارے میں فکر مند ہوتا ہوں تو ایسے سارے خیالات مجھ سے دور چلے جاتے ہیں لہذا یہ اپنے آپ میں حیرت انگیز ہے کیوں کہ اس کا آپ کو دیکھنے اور محسوس کرنے کا انداز بہت ہی پیارا ہے، میں نہیں جانتا جب وہ بڑی ہو جائے گی تو یہ سب اس کے ساتھ کہاں جائے گا لیکن ابھی وہ جو کچھ بھی دیکھتی ہے اس کو اندر سے محسوس کرتی اور اس کے بارے میں سوچتی ہوئی دکھائی دیتی ہے، یہ سب واقعی بہت دلچسپ ہے، جیسا کہ آپ جانتے ہیں میں ایک 80 سالہ والد ہوں جو بہت ہی اچھا احساس ہے اور میں اس وقت تک زندہ رہنا چاہتا ہوں جب تک میں اس سے لطف اندوز ہوتا رہوں"۔

بتایا گیا ہے کہ رابرٹ ڈی نیرو نے آسکر 2024 میں اپنی نامزدگی کے ساتھ ایک نئی تاریخ رقم کی، چوں کہ ان کی پہلی آسکر نامزدگی 49 سال قبل 1975ء میں دی گاڈ فادر II کے لیے ہوئی تھی، اس لیے اپنی پہلی اور حالیہ آسکر نامزدگیوں کے درمیان سب سے طویل وقفے کے ساتھ اب وہ دنیا کی پہلی شخصیت بن گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :