حکومت پنجاب نے کالعدم جہادی و مذہبی تنظیموں کے قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے پر پابندی پر سختی سے عملد رآمد کی ہدایت کر دی

اتوار 19 اگست 2018 16:00

فیصل آباد۔19 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2018ء) محکمہ داخلہ حکومت پاکستان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں حکومت پنجاب نے کالعدم جہادی و مذہبی تنظیموں کی جانب سے عید الاضحی کے موقع پر کسی بھی قسم کے کیمپ لگانے اور قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے پر عائد پابندی کے احکامات پر سختی سے عملدر آمد کروانے کی ہدائت کی ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں صوبہ بھر کے تمام انتظامی و پولیس حکام کے نام جاری مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ حکومت کے علم میں یہ بات لائی گئی ہے کہ بعض مقامات پر مختلف کالعدم جہادی و مذہبی تنظیموں نے نام بدل کر قربانی کے جانوروں کی کھالیں جمع کرنے کی حکمت عملی مرتب کی ہے لہٰذا ایسے عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے اور ان کے کیمپ نہ لگنے دیئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی جگہ پر زبردستی قربانی کی کھالیں وصول کرنے کی اطلاع موصول ہو تو ذمہ داران کے خلاف فوری کاروائی عمل میں لائی جائے ۔