امریکہ نے افغانستان میں عیدالاضحی پر بھی جنگ بندی کی خواہش ظاہر کر دی

ْجنگ بندی میں طالبان کیلئے ضروری ہے کہ وہ بھی اس خواہش کا اظہار کریں ،ْ امریکی وزیر خارجہ

منگل 21 اگست 2018 14:26

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2018ء) امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ مائیکل پومپیونے کہا ہے کہ امریکہ عیدالاضحی کے درمیان افغانستان میں جنگ بندی کا خواہش مند ہے کیونکہ افغانستان کے لوگ بھی یہی چاہتے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق افغان حکومت کی جانب سے اتوار کو اعلان کیا گیا تھا کہ افغان حکومت عیدالفطر کی طرح عیدالاضحیٰ پر بھی جنگ بندی چاہتی ہے تاکہ حریف افغان گروہوں خاص طور پر طالبان اس مذہبی تہوار کو اپنے خاندان کے ساتھ پر امن طور پر منا سکیں۔

مائیک پومپیو اور افغان حکام دونوں کا کہنا تھا کہ اس جنگ بندی میں طالبان کے لیے یہ ضروری ہے کہ وہ بھی اس خواہش کا اظہار کریں۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ افغان عوام کی جانب سے امن کے لیے کیے جانے والے مطالبے کا ردعمل ہے۔

(جاری ہے)

امریکی سیکرٹری آف اسٹیٹ نے کہا کہ افغانستان میں گزشتہ جنگ بندی نے افغان عوام کی جانب سے تنازع کے خاتمے کی دلی خواہش کا اظہار کیا اور ہم امید رکھتے ہیں کہ ایک اور جنگ بندی کا معاہدہ ملک کو استحکام کی طرف بڑھائیگا۔

مائیک پومپیو نے کہاکہ امریکا اور ان کے بین الاقوامی شراکت دار افغان حکومت اور عوام کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں اور طالبان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس میں شریک ہوں۔انہوںنے کہا کہ امریکا اس اقدام کی حمایت اس لیے کرتا ہے کیونکہ ہماری اور بین الاقوامی برادری کو امید ہے کہ افغان عوام رواںسال عید الاضحی بغیر خوف و خطر منائیں اور امریکا افغان صدر اشرف غنی کی جانب سے طالبان کو باہمی تعاون کے ایجنڈے پر جامع مذاکرات کی دعوت کی حمایت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم افغان حکومت اور طالبان کے درمیان براہ راست مذاکرات میں معاونت کرنے اور خود شامل ہونے کو تیار ہیں۔