حکومت کے بعد عوام میں بھی تبدیلی

رجوعہ سادات کی لیڈی ڈاکٹر کی فرض شناسی نے 2 قیمتی جانیں بچا لیں

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 21 اگست 2018 20:18

حکومت کے بعد عوام میں بھی تبدیلی
چنیوٹ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔21اگست 2018 ء) حکومت کے بعد عوام میں بھی تبدیلی، رجوعہ سادات کی لیڈی ڈاکٹر کی فرض شناسی نے 2 قیمتی جانیں بچا لیں۔تفصیلات کے مطابق ہمارے ہاں اسپتالوں سے باہر بچو ں کی پیدائش ایک ایسا بڑا المیہ ہے جس کے تحت ہونے والے واقعات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ایسے واقعات نہ صرف حکومتی اور انتظامی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہیں بلکہ یہ واقعات انسانی المیہ بھی ہیں۔

آج بھی ایک ایسا ہی واقعہ منظر عام پر آیا لیکن یہ واقعہ انتظامی نااہلی نہیں بلکہ ایک ڈاکٹر کی فرض شناسی کا ثبوت بن گیا۔واقعے کی تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ رجوعہ سادات کی مرکز صحت کے قریب پیش آیا جہاں ایک خاتون کو درد زہ کی شکایت کے بعد اسپتال لایا جارہا تھا لیکن اسپتال پہنچنے سے قبل ہی اس کی طبیعت بگڑ گئی اور وہ خاتون اس قابل بھی نہ رہی کہ اسکو اسپتال میں لے جایا جاتا ۔

(جاری ہے)

اس واقعے کی اطلاع وہاں موجود لیڈی ڈاکٹر یاسمین کو دی گئی تو اس نے فرض شناسی کی انتہا کردی۔ڈاکٹر یاسمین فوری طور پر اس رکشے کے پاس پہنچیں ۔جب انکو پتہ چلا کہ خاتون کی حالت کے پیش نظر انکو اسپتال منتقل کرنا ممکن نہیں تو انہوں نے اسی رکشہ کے گرد پردہ بنوا لیا۔
وہیں خاتون کی ڈلیوری ہوئی جس کے نتیجے میں ایک پیاری سی بچی اس دنیا میں آئی ،
یوں ڈاکٹر کی فرض شناسی سے دو جانیں ایک ساتھ خطرے میں پڑنے سے محفوظ رہیں۔اس موقع پر مریم کا شوہر بہت خوش تھا ،اسکا کہنا تھا کہ میں خوش ہوں کہ اللہ نے پہلے ایک بیٹے سے نوازا تھا اور اب مجھے بیٹی بھی عطا کر دی ہے۔

متعلقہ عنوان :