حج کے دوران خاتون کے ہاں بچے کی ولادت ،ْ بچہ اوروالدہ صحت مند

منگل 21 اگست 2018 20:40

مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2018ء) دنیا بھر سے آئے ہوئے 20 لاکھ سے زائد عازمین نے جہاں سعودی عرب میں حج کی سعادت حاصل کی وہیں ایک اردن کی عازم خاتون نے ایک اور سعادت حاصل کی۔حج کے دوران 9 ذوالحج کے دن اردن سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے میدان عرفات میں بچے کو جنم دے کر ایک منفرد سعادت اور اعزاز اپنے نام کرلیا۔

(جاری ہے)

عرب نیوز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ مقدس شہر مکہ مکرمہ سے 20 کلو میٹر کے فاصلے پر میدان عرفات میں اردن کی خاتون کو حج کی عبادات کرنے کے دوران تکلیف ہوئی۔تکلیف کے بعد خاتون کو میدان عرفات کے قریب واقع جبل الرحمت نامی ایک ہسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں انہوں نے ایک بیٹے کو جنم دیا۔ رپورٹ میں بتایا کہ بچے کے جنم کے بعد ماں اور بچے کی صحت بہتر ہے۔ہسپتال عملے کی جانب سے بہتر خدمات کرنے پر بچے کے والد نے اپنے بیٹے کا نام جبل الرحمت ہسپتال کے ڈائریکٹر کی نسبت سے ‘وضاح’ رکھا ہے۔علاوہ ازیں سعودی حکومت کی جانب سے بچے کے والد اور بچے کی ہسپتال میں بنائی گئی ویڈیو بھی جاری کی گئی۔