عید الاضحی پر غفلت برتنے والے افسران و ملازمین کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی : عمران اسلم

منگل 21 اگست 2018 20:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اگست2018ء) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کی ہدایت پر میونسپل کمشنر بلدیہ ملیر عمران اسلم نے عید الاضحی کے حوالے سے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ، اجلاس میں میونسپل کمشنر بلدیہ ملیر نے وزیر بلدیات کی ہدایات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ویجلنس کمیٹی بنائی جائے، جو عید الاضحی کے تینوں دن انتظامات کے حوالے سے نگرانی کرے گی اور روزانہ آلائشوں کو اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کی رپورٹ پیش کریگی ، متعلقہ افسران و عملہ تینوں دن اپنی حاضری کو یقینی بنائیں اور محنت و لگن سے اپنی خدمات سرانجام دیں ، غفلت برتنے والے افسران و ملازمین کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی ، عید الا ضحی کے موقع پر عوام کو بہترین بلدیاتی سہولیات فراہم کی جائیں، سہولیات فراہم کرنے کیلئے ترتیب دیئے گئے پلان پر عمل کیا جائے، سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے قائم کردہ شکایت سیل کو فعال رکھا جائے، شکایت سیل میں موصول ہونے والی شکایت کا ازالہ فوری کیا جائے، انہوں نے مزید کہا کہ بلدیہ ملیر کی حدود میں گزشتہ سالوں سے بھی بہتر مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جائے، عید الا ضحی کے تینوں دن بلدیاتی نمائندے بھی افسران سے رابطے میں رہیں گے ، میونسپل کمشنرنے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ عوام آلائشوں کو چیرنے سے گریز کرے، اور جہاں بھی آلائشیں پڑی ہوں اپنے متعلقہ یو سی چیئرمین ،وائس چیئرمین ،کونسلر ز اور بلدیہ ملیر انتظامیہ کو اطلاع دیں ، ملیر کو صاف ستھرا رکھنے میں معزز شہری ہونے کا ثبوت دیں ،میونسپل کمشنر بلدیہ ملیر کو متعلقہ افسر نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آلائشوں کو اٹھا کر دفنانے کیلئے یوسی شرافی گوٹھ میں ٹرنچ کھود دی گئی ہیں ، علاقوں، کچرا کنڈیوں اور مذبحہ خانوں سے آلائشیں اٹھانے کے بعد چونے کا چھڑکائواور جراثیم کش ادویات اسپرے کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، (شکایت سیل نمبر :021-35250936, 021-99333656،واٹس نمبر 0300-0544274)پر عوام آلائشوں کے حوالے سے شکایات درج کراسکتے ہیں ۔